ترقیاتی و فلاحی کاموں کی انجام دہی میں سیاست نہ کی جائے

سرپور ٹاون ۔ 6 ۔ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سرپور ٹاون منڈل پریشد کے جنرل باڈی کا اجلاس 3 نومبر کے روز ایم پی ڈی او میٹنگ ہال میں منعقد ہوا اس اجلاس کی کارروائی انچارج ایم پی ڈی او محترمہ وینا نے چلائی ۔ اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے رکن اسمبلی سرپور ٹاون کونیرو کونپا نے شرکت کی ۔ منڈل اسپیشل آفیسر کرشنا ، اگریکلچر آفیسر بی پرساد ، منڈل ایجوکیشن آفیسر پربھاکر ، پنچایت جونیر انجینئر رامیش بابو ، اے ٹی ڈبلیو سرینواس ریڈی ، اسسٹنٹ انجینئر برقی رمیش سی ڈی پی او محترمہ ونوجہ ہاوزنگ اے ای رامو جی نائیک ، اے پی ایم وینکٹ رامنا ، ای جی ایس اے پی او چندرشیکھر ، محمد جعفر احمد کے علاوہ ڈاکٹرس بھی موجود تھے ۔ سیاسی قائدین میں زیڈ پی ٹی سی رام نائیک ، نائب صدر منڈل پریشد محمد سہیل احمد ، میجر گرام پنچایت سرپنچ سید خضر حسین ، ایم پی ٹی سی این سواتی ، ایم پی ٹی سی ستیا ، ایم پی ٹی سی رویندر ، گروداس کے علاوہ منڈل کے تمام سرپنچوں اور ایم پی ٹی سی موجود تھے ۔ منڈل پریشد صدر محترمہ ریکھا ستیہ نارائن کی صدارت میں جنرل باڈی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ منڈل ایجوکیشن آفیسر پربھاکر نے کہا کہ گزشتہ کچھ مہینوں سے منڈل میں ٹیچرس کی قلت ہونے کی وجہ سے کافی دشواریاں ہورہی ہیں اور کچھ اسکولوں میں ایک ٹیچر رہنے کی وجہ سے طلباء کو تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ اس لئے ضلع کے متعلقہ عہدیداروں سے ٹیچرس کی کمی کو تکمیل کرنے کیلئے عارضی طور پر ودیاوالینٹرس ( تلگو وی وی ) کا تقرر کرنے کیلئے نمائندگی کی گئی ہے ۔ منڈل پریشد صدر محترمہ ریکھا ، ستیہ نارائین اور نائب صدر منڈل پریشد محمد سہیل احمد نے آئی سی ڈی ایس عہدیدار پر الزام عائد کیا کہ آنگن واڑی اسکولوں میں معصوم بچوں کو انڈوں کی تقسیم میں تاخیر ہونے کی وجہ دریافت کرنے پر سی ڈی پی او محترمہ ونوجہ نے کہا کہ آنگن واڑی اسکولوں میں پندرہ دنوں میں ایک مرتبہ انڈ ا تقسیم کررہے ہیں ۔ درمیان میں مداخلت کرتے ہوئے منڈل پریشد نائب صدر محمد سہیل احمد نے کہا کہ آنگن واڑی اسکولوں میں زیرتعلیم معصوم بچوں میں کیلیشیم پروٹین اضافہ کرنے کی غرض سے دو یا تین دنوں میں انڈے دینا چاہئے لیکن آئی سی ڈی ایس آئی عہدیداروں کی جانب سے پندرہ دنوں میں انڈوں کو سپلائی کرنے پر تعجب کا اظہار کیا اور وقت کی پابندی کرتے ہوئے آنگن واڑی میں تعلیم حاصل کرنے والے معصوم بچوں کے ساتھ انصاف کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔ اس موقع پر درمیان میں مداخلت کرتے ہوئے رکن اسمبلی سرپور ٹاون کونیرو کونپا نے کہا کہ سیاسی قائدین اور سرکاری عہدیداروں کا ایک دوسروں کے ساتھ تال میل ضروری ہے ۔ انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی کاموں کو انجام دینے کیلئے سرکاری ملازمین اور سیاسی قائدین کو یک جٹ ہو کر کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے ساتھ ہی حلقہ سرپور ٹاون کے پانچ منڈلوں کیلئے 4 کروڑ روپیہ بجٹ کی منظوری عمل میں آئی تاکہ حلقہ کے عوام کو کسی قسم کی کوئی بھی پریشانی نہ ہو اور خصوصاً سرپور ٹاون منڈل کے ترقیاتی کاموں کیلئے 1.50 کروڑ کی منظوری کی گئی ہے ۔ اس لئے ترقیاتی کاموں میں سیاست نہ کریں ۔ اس موقع پر تمام منڈل کے سرکاری ملازمین موجود تھے ۔ آر ٹی سی ، فارمٹ اور آر اینڈ بی عہدیداروں کی غیرحاضری پر رکن اسمبلی کونیرو کونپا نے برہمی کا اظہار کیا ۔ انچارج ایم پی ڈی او اور اسپیشل آفیسرکے شکریہ پر جنرل باڈی اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔