ترقیاتی اسکیمات کی عمل آوری میں تلنگانہ سرفہرست

سنگاریڈی میں ٹی آر ایس کارکنوں سے چنتا پربھاکر کا خطاب
سنگاریڈی۔/25 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کے ساڑھے چار سالہ ٹی آر ایس دور حکومت میں ریاست تلنگانہ ترقی کی سمت گامزن ہے۔ ٹی آر ایس حکومت میں سماج کے تمام طبقات کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانے تمام تر اقدامات کئے گئے اور فلاحی و ترقیاتی اسکیمات کی عمل آوری میں ریاست تلنگانہ ملک بھر میں سرفہرست بن چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق رکن اسمبلی و ٹی آر ایس امیدوار حلقہ سنگاریڈی چنتا پربھاکر نے ایم ایم گارڈن فنکشن ہال سنگاریڈی میں منعقدہ ٹی آر ایس پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسنگاریڈی بلدیہ حدود میں واقع تمام 31 بلدی وارڈس کے ٹی آر ایس کارکنان نے شرکت کی۔ چنتا پربھاکر نے اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کارکنان گھر گھر جاکر ریاستی حکومت کے فلاحی و ترقیاتی اسکیمات کے ثمرات سے متعلق عوام کو واقف کروائیں اور عوامی شعور بیدار کرتے ہوئے ٹی آر ایس امیدوار کو دوبارہ کامیابی سے ہمکنار کرنے ایک سپاہی کے مانند کام کریں۔ میں نے بحیثیت رکن اسمبلی سنگاریڈی گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں 2 ہزار کروڑ روپئے سے کئی ایک ترقیاتی کام انجام دیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر نے ریاستی سطح پر 40 ہزار کروڑ روپئے کئی ایک فلاح و بہبود اور ترقیاتی اسکیمات کو روبہ عمل لایا جس کی سابق میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ ٹی آر ایس حکومت میںگھر کے ہر فرد کو 6 کیلو چاول کی سربراہی، 24 گھنٹے برقی اور وظائف کی اجرائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ چنتا پربھاکر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں کتنے بھی متحدہ محاذ ( مہا کوٹمی ) بن جائیں وہ ناکام ثابت ہوں گے۔ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں مجوزہ انتخابات کو ایمانداری اور بے ایمانی کے درمیان مقابلہ قرار دیا۔ جلسہ کو پربھو گوڑ، ڈاکٹر سری ہری، محمد اعجاز، محمد یعقوب علی اراکین بلدیہ، راجندر نائک، مندولہ سدرشن، شیخ رشید، وجیندر ریڈی، ایم اے حکیم ایڈوکیٹ، باسط، بی وجئے لکشمی اور مولانا محمد کبیر الدین نوری نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں ٹی ار ایس امیدوار چنتا پربھاکر کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے۔ اس موقع پر محمد حبیب رسول شکیل، محمد عظیم ، محمد نصیب الدین، محمد غلام عرفان، مسعود بن عبداللہ بصراوی، عمر بن یوسف مجیب، نرسملو، وینکٹیشورلو، جالندھر، ناظم الدین اجو، محمد خواجہ، محمد عارف اراکین بلدیہ اور ٹی آر ایس قائدین و کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ محمد نظام الدین ایڈوکیٹ کے اظہار تشکر پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔