تدریس پیشہ نہیں طرز حیات : وزیراعظم

نئی دہلی ۔ 4 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) یوم اساتذہ سے قبل وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ تدریس ایک پیشہ نہیں بلکہ ’’جیون دھرم (طرز حیات) ‘‘ ہے اور اساتذہ سے خواہش کی کہ دنیا بھر میں جاری تبدیلیوں کو سمجھیں اور نئی نسل کو اس کے تقاضوں کی تکمیل کیلئے تیار کریں ۔ 350 قومی ایوارڈ یافتہ اساتذہ سے جنھیں صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کل یوم اساتذہ کے موقع پر تہنیت پیش کریں گے ، تبادلۂ خیال کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ استاد کبھی سبکدوش نہیں ہوتا ، وہ نئی نسل کو تدریس کی کوشش جاری رکھتا ہے ۔ ایک سرکاری بیان کے بموجب انھوں نے کہا کہ اگر ایک معاشرہ کو ترقی کرنا ہو تو اساتذہ کو ہمیشہ وقت سے دو قدم آگے رہنا چاہئے ۔ انھیں دنیا بھر میں جاری تبدیلیوں کو سمجھنا چاہئے اور نئی نسل کو اُن کے تجسس کا جذبہ بیدار کرکے ان سے نمٹنے کے لئے تیار کرنا چاہئے ۔ مودی نے کہا کہ چیف منسٹر گجرات بننے کے بعد انھوں نے اپنے بچپن کے دوستوں سے ملاقات اور اساتذہ کو اعزاز عطا کرنے کی دو خواہشات کی تکمیل کی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ طالب علم کی زندگی میں اُستاد کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے ۔ پرمزاح انداز میں مودی نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ جن اساتذہ کو صدرجمہوریہ اعزاز عطا کرنے والے ہیں ’’دہلی کی ہواؤں ‘‘ سے متاثر نہیں ہوں گے ۔ انھوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ایسا نہیں ہوگا ۔ وہ اس بات کا حوالہ دے رہے تھے کہ وہ خود بھی نئی دہلی میں بیرونی آدمی ہیں ۔ اساتذہ نے ایک رسمی تبادلہ خیال میں بھی شرکت کی اور تدریس کے مختلف پہلوؤں پر اپنے نکات نظر کا اظہار کیا۔ مودی کل دوپہر طلبہ کے ساتھ بات چیت کریں گے اور ملک گیر سطح پر اُن کا خطاب نشر کیا جائے گا ۔