میدک29مئی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک کے محلہ بڑا بازار میں واقع جامع مسجد میں جلسہ شب ِ معراج بڑے اہتمام سے منایا گیا۔امام وخطیب جامع مسجد جناب حافظ سید خواجہ معیز الدین نے قرات اور جناب محمد شاہد حسین صوفیانی نے نعتیہ کلام پیش کیا۔جامع مسجد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد سعید الدین فاضل جامعہ نظامیہ نے کہاکہ معراج کی شب اللہ جل جلالہٗ نے اللہ کے نبیﷺ کے توسط سے اس امت کو نماز کا تحفہ عنایت فرمایا ہے۔لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اس تحفہ کی قدر دانی کرتے ہوئے نمازوں کا اہتمام کریں۔صدر کمیٹی جامع مسجد جناب محمد اعجاز احمد جوہری نے جلسہ شب ِ معراج کی صدارت کی۔محلہ دار السلام پلّیڈی میں واقع مسجد قاضیان میں جلسہ شب معراج کا حافظ محمد خواجہ ناظم الدین کی قرات اور محمد اسماعیل کی نعت سے آغاز ہوا۔نظامت کے فرائض امام وخطیب مسجد ہذا جناب حافظ عبد الجلیل نے انجام دئے۔صدر مسلم ویلفیر سوسائٹی میدک مولانا محمد جاوید علی حسّامیؔ نے جلسہ کی صدارت کی ۔ اس جلسہ کو مہمان مقرر مولانا سید حیدر حسین صدر مدرس مدرسہ امداد العلوم ججال پور نارائن کھیڑ نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ کے نبیﷺ نے اپنی پوری زندگی صرف اپنی امت کے خاطر تکالیف برداشت کرنے میں گزاردی اور جس وقت اللہ کے نبیﷺ کو معراج نصیب ہوئی تو اللہ نے آسمان ِ دنیا پر پیارے نبیﷺ کو نمازوں کا تحفہ عنایت فرمایا۔معراج کے ذریعہ سے ہم کو یہ پیغام ملتا ہے کہ اس شب میں خصوص کر نماز کا تحفہ اس امت کو دیا گیا ہے لہذا ہم کو چاہئے کہ ہم پورے خشوع وخضوع کے ساتھ نمازوں کا اہتمام کرتے ہوئے اس کے ترک کرنے سے یا پھر اس میں کوتا ہی سے گریز کریں۔اللہ کے نبیﷺ کو اتنا بڑا رتبہ ان کے تواضع کرنے کی وجہ سے بھی حاصل ہوا ہے اتنی ساری تکلیفیں برداشت کرنے کے بعد بھی اللہ کے نبیﷺ نے اس امت کو دین کی دعوت دیتے رہے اور لوگوں کا اللہ معبود کی طرف بلاتے رہے۔محلہ عرب گلّی میں واقع مسجد صوبہ داری میں جلسہ شب ِ معراج کی صدارت امام وخطیب مسجد ہذا جناب الحاج سید عبد الرحیم اور جلسہ کی نگرانی جناب محمد سمیع الدین ایڈوکیٹ نے کی۔ مسجد صوبہ دار میں جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے جناب حضرت مولانا میر عابد اللہ ندوی امام وخطیب مسجد عروب نے کہاکہ معراج کے ذریعہ سے اس امت کو سب سے پہلے یہ سبق لینا چاہئے کہ نمازوں کا اہتمام جتنا ممکن ہو سکے کریں ۔محلہ این ایس ایف میں جلسہ شب ِ معراج میں نظامت کے فرائض امام وخطیب مسجد ہذا جناب محمد عمر نے انجام دئے۔ حافظ شیخ ندیم نے جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے شب ِ معراج کے عنوان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اسی رات اللہ کے نبیﷺ نے ساتوں آسمانوں کی سیر کی۔اور اسی رات اللہ نے آپﷺ کو نماز کا تحفہ عطا فرمایا۔ مفتی خواجہ شریف مظاہری نے اس مسجد میں جلسہ شب ِ معراج سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس رات کا تحفہ جو کہ اس امت کو نماز کی شکل میں ملا ہے اس کی ہم سب کو صحیح معنیٰ میں قدر دانی کرنا چاہئے۔علاوہ ازیں ٹائون کی دیگر مساجد اور اطراف واکنا ف کے مواضعات کی مساجد میں بھی عوام نے بڑے اہتمام سے جلسہ شب ِ معراج منعقد کیا۔اور لوگ رات بھر عبادتوں میں مصروف رہے۔