محبوب نگر 24 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کے میڈیکل عہدیداروں کو ویڈیو کانفرنس میں ضلع کلکٹر مسٹر ایم گریجا شنکر نے ہدایت دی کہ وہ عوام کو طبی سہولتیں پہونچانے میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔ جو بھی مسائل در پیش ہو ںیا اشیاء یا ادویات کی قلت ہو تو اس کو ایکشن پلان کی شکل میں ضلع انتظامیہ کو روانہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمارا دیہات اور ہمارا دواخانہ‘‘پروگرام پوری پابندی اور مستعدی کے ساتھ منعقد کریں پروگرام کی صد فیصد کامیابی کیلئے عوامی نمائندوں کا تعاون بھی حاصل کریں۔ بیمار افراد کا علاج پوری توجہ کے ساتھ کیا جائے۔ بیماریوں سے حفاظ کیلئے ممکنہ اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پیدائش سے قبل جنس کا پتہ نہ لگانے کیلئے و بڑے پیمانے پر تشہیر کی گئی لیکن یہ ٹسٹ ابھی اسکاننگ سنٹروں پر ہورہے ہیں۔ یہ غیر قانونی عمل ہے اور اس کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا ضلع کلکٹر نے انتباہ دیا۔ انہوںنے بتایاکہ 2011 کی مردم شماری کے مطابق 1000 مرد ہیں تو 925 خواتین ہیں۔ انہوں نے موسم بارش کی آمد کا دکر کرتے ہوئے بتایا کہ موسمی بیماریوں کی وباوں کیلئے قبل از وقت ضروری اقدامات کئے جائیں۔ پرائمری ہیلت سنٹرس 24 گھنٹے خدمات کیلئے کھلے رکھے جائیں ۔ ضرورت پر دیہاتوں میں بی ٹی ،ایچ آئی وی، ایم ڈی آر جیسے بیماریوں کی شناخت کر کے مکمل علاج کا انتظام کیا جائے۔ ویڈیو کانفرنس میں اے جے سی ڈاکٹر راجا رام، ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر سوامی و دیگر میڈیکل عہدیداران موجود تھے۔