سینہ کے کینسر پر شعور بیداری پروگرام ‘ضلع پریشد چیئر پرسن ٹی اوما کا خطاب
کریم نگر۔/8نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کینسر کے تعلق سے عوام میں بیداری پیدا کرنے بالخصوص خواتین میں چھاتی کے کینسر کے تعلق سے شعور بیداری کی اہم ضرورت ہے۔ ضلع پریشد چیرپرسن تلا اوما نے یہ بات کہی۔کریم نگر کٹہ رام پور کے پرائمری اسکول میں چھاتی کے کینسر پر بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ اس موقع پر انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ہمیشہ کچھ نہ کچھ کام میں مصروف رہتی ہیں انہیں چاہیئے کہ اپنی صحت کی طرف بھی توجہ دیں۔ صحت کی بحالی کیلئے مختلف احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عموماً اکثر خواتین کو چھاتی کے کینسر کے تعلق سے لاعلمی رہتی ہے ۔ یہ ایک انتہائی نقصاندہ عمل ہے کوئی بھی بیماری پر اس کا اگر ابتداء ہی میںعلاج کرایا جائے تو وہ آسان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینسر ایک انتہائی خطرناک لاعلاج مرض ہے۔ ابتدائی سطح پر جانچ سے علاج ممکن ہے ۔ خواتین کو چاہیئے کہ وہ اس سلسلہ میں جانچ کرواتی رہیں ٹال مٹول نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح شعور بیداری پروگرام غریب خواتین کیلئے کافی سود مند ثابت ہورہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ کلکٹر ویرا برہمیا نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے سبھی آنگن واڑی مراکز میں آج سے 18نومبر تک اس طرح کے اسکریننگ پروگرامو ں کا انعقاد عمل میں لایا جارہاہے جس سے غریب خواتین استفادہ کریں کیونکہ اس موذی مرض کا ابتداء ہی میں پتہ چل جانے پر علاج ممکن ہے ۔ اس تعلق سے امداد باہمی سنگھموں کی خواتین تمام خواتین میں بیداری پیدا کریں۔ شہر کے میئر سردار رویندر سنگھ نے کہا کہ گھر کی اہم فرد خواتین صحت مند ہوں تو تمام خاندان صحت مند رہے گا۔چھاتی کے کینسر کے تعلق سے شعور بیداری پیدا کرنی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں اس طرح کے شعور بیداری پروگرامس منعقد کرنے کی ضرورت ہے۔ اس پروگرام کی صدارت میپما پی ڈی وجئے لکشمی نے کی انہوں نے کہا کہ قومی یوم کینسر بیداری پروگرام کے تحت ضلع بھر میں سبھی آنگن واڑی مراکز میں اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد عمل میںلایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ابتدائی سطح پر تشخیص نہ کروانے کی وجہ سے کئی خواتین اس مرض سے فوت ہورہی ہیں۔اوشا کینسر فاؤنڈیشن کے تعاون سے 80خواتین کو اس مرض کی تشخیص اور جانچ کی تربیت دی جاچکی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ 35سال سے زائد عمر کی خواتین کو چاہیئے کہ وہ سال میں ایک مرتبہ اس سلسلہ میں تشخیص کروائیں۔