نئی دہلی۔ 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے قبل مرکزی وزیر نجمہ ہپت اللہ نے آج کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ خواتین تحفظات بل لوک سبھا میں منظور کرلیا جائے کیونکہ یہ خواتین کو مساوی کارکردگی کے مظاہرہ کا حصہ دینے کے لئے ضروری ہے۔ مرکزی وزیر اقلیتی اُمور نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے کئی فیصلے کئے ہیں، اور یہ بل لوک سبھا میں منظور ہونا چاہئے۔ یہ یو پی اے حکومت کے دور اقتدار میں راجیہ سبھا میں پہلے ہی منظور ہوچکا ہے۔ اس سوال پر کہ کیا حکومت ایوان زیریں کے آئندہ اجلاس میں جس کا آغاز 24 نومبر سے ہوگا، بل منظوری کیلئے پیش کرے گی، انہوں نے کہا کہ حالانکہ بی جے پی اور اپوزیشن کانگریس دونوں نے اس بل کی تائید کی ہے، لیکن بعض علاقائی پارٹیاں اب بھی سختی سے اس کی مخالفت کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت اسکالرشپس میں لڑکیوں کو 33 فیصد تحفظات فراہم کررہی ہے۔