حکومت کو طاقت دکھانے کا موقع دینے پر کانگریس سے وزیراعظم کا اظہارتشکر
نئی دہلی ۔ 31 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے ان کی حکومت کے خلاف لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد پیش کرنے پر کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ وہ کانگریس پارٹی سے اظہارتشکر کرتے ہیں کہ اس نے ان کی حکومت کو پھر سے طاقتور ہونے کا موقع دیا ۔ کانگریس ازخود اپنے کھوکھلے عزائم کو آشکار کرچکی ہے ۔ جاریہ مانسون سیشن کے دوران بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد نے اپوزیشن کی ہی پول کھول کر رکھ دی ہے ۔ اس سے ظاہر ہوگیا ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں سیاسی طورپر لاشعور ہیں۔ ان کے اندر معاملہ فہمی اور سوجھ بوجھ کا فقدان پایا جاتا ہے ۔ پارلیمانی اُمور کے وزیر اننت کمار نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام اعلیـ قائدین نے شرکت کی ۔ ان میں مرکزی وزراء نتن گڈکری ، سشما سوراج کے علاوہ بی جے پی صدر امیت شاہ نے وزیراعظم مودی کی ستائش کی اور اس موضٰوع پر اظہارِ خیال کیا ۔ پارٹی ذرائع نے کہاکہ امیت شاہ نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ ایسی تحریک کو اُس وقت لایا جاتا ہے جب حکومت کو اپنی اکثریت کھوجانے کا اندیشہ ہو یا ملک میں حکومت کے خلاف غم و غصہ پایا جاتا ہو ، لیکن اپوزیشن نے بلاوجہہ ایسی تحریک پیش کردی جس میں کوئی ٹھوس ثبوت ہی پایا نہیں گیا۔ اس طرح کی تحریکوں کی سرپرستی کرنا خود اپوزیشن کیلئے خود اپنی پول آپ کھولنے کے مترادف ہے ۔ لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد کے حق میں 126 ووٹ ڈالے گئے جبکہ مخالفت میں 326 ارکان نے ووٹ ڈال کر اس تحریک کو ناکام بنادیا ۔ سشما سوراج نے اپوزیشن پر ہونے والی تنقیدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں آشکار ہوچکی ہے ۔ نتن گڈکری نے کہا کہ عوام الناس کے اندر یہ اُلجھن پیدا ہوئی ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں حقیقی ایجنڈے کے بغیر حکومت آواز اُٹھارہی ہیں ۔ لوک سبھا میں بی جے پی کی کامیابی پر انھوں نے تمام ارکان کو مبارکباد دی ۔