تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کی مایوسی کا نتیجہ:بی جے پی

نئی دہلی20جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج لوک سبھا میں کہا کہ اپوزیشن پارٹی مودی حکومت کی کامیابیوں سے یہ سمجھ چکی ہیں کہ 2019 کے عام انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت بننے والی ہے اور اسی مایوسی اور ناامیدی میں یہ تحریک لائی گئی ہے ۔بی جے پی کے راکیش سنگھ نے تحریک عدم اعتماد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ لوگ حیرت میں ہیں کہ یہ تجویز کیوں لائی گئی ہے ۔ یہ تجویز حکومت کے کاموں کی مخالفت میں نہیں ہے ۔ سال 2019 میں بی جے پی اور قومی جمہوری اتحاد کی حکومت بننے جارہی ہے ۔ یہ تحریک اسی مایوسی اور ناامیدی کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کانگریس کے 48 سال کی حکمرانی کی پالیسیوں پر نشانہ لگاتے ہوئے ایمرجنسی کا ذکر کیا اور کہا کہ اس وقت کئی لوگوں نے جیل کے تشددبرداشت کئے ، قربانی دی اورکئی خاندان برباد ہوگئے ۔ہم نے اس سے بہت کچھ سیکھا۔انہوں نے الزام لگایا کہ48 سال میں کانگریس نے گھوٹالوں کی سیاست کی ہے جبکہ ہم نے 48 ماہ میں اسکیموں والی حکومت دی ہے ۔کوئلہ گھوٹالہ، 2 جی، کامن ویلتھ گیمز، آگسٹا ویسٹ لینڈ جیسے گھوٹالوں کے نام گناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر اسکینڈل کے ساتھ ہندوستان کا سر جھک رہا تھا۔