تحریک تلنگانہ میں صحافیوں کا اہم رول

کریم نگر۔/28 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نئی تلنگانہ ریاست کے حصول و قیام کیلئے صحافیوں کی جدوجہد کی خاص اہمیت ہے، تلنگانہ تحریک میں صحافی ایک ناقابل شکست قوت و طاقت کی طرح ابھرے ہیں، ٹی جے اے سی چیرمین پروفیسر کودنڈا رام نے یہ بات کہی۔ کریم نگر ریونیو گارڈن میں ٹی یو ڈبلیو جے (TUWJ) کے زیر اہتمام ضلع میں وسیع پیمانے پر منعقدہ اجلاس میں تقریباً ایک ہزار صحافیوں نے شرکت کی۔ کلکٹریٹ سے شہیدان تلنگانہ کے یادگار مینار تک بڑا جلوس نکالا گیا اور نعرے لگائے گئے۔ یادگار مینار کے پاس صحافیوں نے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس جلوس میں نمستے تلنگانہ ایڈیٹر الم نارائنا، جنرل سکریٹری پی رویندر، کے سرینواس، کرانتی کمار، ویملا اکا، ہرے گوپال، نمستے تلنگانہ بیورو کے پرکاش راؤ، ایڈیشن انچارج ملیشم، ضلع انچارج ایم وی رمنا، ٹی یو جے ایف ضلع کنوینر ایس وی جئے پرکاش، بی وجئے سمہا راؤ، ٹی نیوز کے گوپال راؤ، لکشمی نارائنا،

بی سرینواس، کے وینکٹ سوامی، ایم رمیش، انسانی حقوق سنگھم قائد اینگو ملا ریڈی، جے اے سی قائد وینکٹ ملیا کے علاوہ ضلع کے ڈیویژن منڈل کے مختلف اخبارات، ٹی وی چیانلس سے وابستہ صحافی، کیمرہ مین، فوٹو گرافرس شریک تھے۔ بعد ازاں ریونیو گارڈن میں منعقدہ اجلاس میں کودنڈہ رام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے حصول میں جس طرح سے صحافیوں نے متحدہ طور پر عوام کو تلنگانہ کے حصول کیلئے جذبہ پیدا کیا ہے اسی طرح سے تلنگانہ کی تعمیر نو میں صلاح و مشورہ دیتے ہوئے بدعنوانیوں کی نشاندہی کرنے کے لئے جدوجہد کرنی ہوگی۔ ٹی یو ڈبلیو جے ریاستی صدر الم نارائنا نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے جذبات کے مطابق صحافیوں نے حقیقی ترجمانی کی ہے۔ پہلی مرتبہ پارٹیوں کو متحد کرتے ہوئے تلنگانہ کے حصول کے لئے جدوجہد کرنے میں صحافیوں نے ہی کوشش کی ہے۔