تحریک آزادی میں مسلمانوں اور علمائے دین کی عظیم قربانیاں

سدا سیو پیٹ میں جمعیتہ العلماء کے جلسہ عام سے علماء کرام کا خطاب
سدا سیو پیٹ۔/17اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سدا سیو پیٹ میں آج شام جمعیتہ العلماء ہند کی جانب سے منعقد کئے گئے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا قاری عرفان عالم دیوبند، مولانا ربانی توپران، قاری سمیع الدین، قاری عثمان علی، مولانا اسلم فاروقی، عبدالسبحان سیٹھ نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں مسلمانوں اور علماء کرام کی عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ مسلمان مادر وطن کے حقیقی سپوت ہیں، مسلمانوں کی حب الوطنی پر شکوک و شبہات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت وفاداری کیلئے ہمیشہ مسلمانوں نے عملی ثبوت پیش کیا ہے۔ ملک کے دفاع کیلئے اپنے آپ کو ہمیشہ سینہ سپر کرتے ہوئے شجاعت و بہادری کے کئی کارنامے چھوڑے ہیں جس کو اقوام ہند کے علاوہ اقوام عالم سنہری حرفوں میں یاد رکھنا چاہیئے۔ ان قربانیوں کی یاد تازہ کرنا چاہیئے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی حلقہ مسٹر چنتا پربھاکر نے حلقہ کے عوام میں قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور ترقی کیلئے کام کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے مسلمانوں کی آزادی کی تحریک میں بے مثال کارکردگی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ عظیم قربانیاں ہی ملک کی پہچان کرانے میں معاون و مددگار ثابت ہوئی ہیں۔انہوں نے مسلمان قوم کو ایک بہترین قوم سے تعبیر کرتے ہوئے ملک کے تعمیری رول کی سراہنا کی۔ جلسہ کا آغاز مولانا مدثر احمد ظہیرآباد کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جلسہ کی نگرانی جناب عبدالرحمن قاسمی نے کی ۔اس موقع پر مولانا حامد ، جناب ا کبر حسین، جناب ابوالقاسم، سمیع الرحمن، پٹنم سبھاش، تنویر عالم، حافظ شفیع الدین، مولانا سمیع الدین اور دوسروں نے حصہ لیا۔