تجارت میں خسارہ سے ہندوستانی کی خودکشی

دوبئی ۔ 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) یو اے ای میں ایک معروف ہندوستانی سماجی جہدکار نے مبینہ طور پر چھت کے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق راس الخیمہ میں اسٹاف سرویر کی ملازمت کرنے والے سندیپ ویلالور نے ایک ٹرانسپورٹ کمپنی کھولی تھی جس میں اسے شدید خسارہ کا سامنا کرنا پڑا جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے خودکشی کرلی۔ تین بچوں کا باپ سندیپ ایک سماجی کارکن بھی تھا۔ جس وقت اس نے خودکشی کی اس وقت کمرے میں اس کے ساتھ رہنے والے دیگر دو افراد موجود نہیں تھے۔ متوفی یولان کلاساہیتی کا جنرل سکریٹری اور فرینڈس کرکٹ اسوسی ایشن کا ٹیم لیڈر تھا۔ وہ راس الخیمہ میں خون کے عطیہ کیمپس کا بھی انعقاد کیا کرتا تھا۔ اس کی نعش کو فی الحال ابراہیم بن عبیداللہ ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا ہے جہاں سے نعش کو ہندوستان بھیجنے کی کارروائی عمل میں آئے گی۔