تبلیغ دین کیلئے کمر بستہ ہونے مسلم نوجوانوں کو مشورہ

اوٹکور۔/6مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈاکٹر و پروفیسر عبدالمجید انوارالعلوم کالج حیدرآباد و میڈیا سکریٹری جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و آندھرا پردیش نے اوٹکور جامع مسجد پنچ میں منعقدہ جلسہ عام بعنوان ’’ جسمیں نہ ہو انقلاب موت ہے وہ زندگی ‘‘ مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے قانون کو اللہ تعالیٰ کی زمین پر نافذ کرنے کیلئے ہی تمام انبیاء کرام اور رسولوں کو دنیا میں بھیجا گیا ہے۔ جب مسلمان اسلام کے اہم فریضہ نماز سے غفلت برتتے ہیں تو سمجھ لیں کہ مسلمان کا زوالیقینیہے۔ جب تک مساجد نمازیوں سے نہیں بھرتی تب تک اسلام دنیا میں غالب نہیں ہوسکے گا۔ مسلمان تعداد کے اعتبار سے بھی دنیا میں کم نہیں ہیں۔ مال و اسباب کے اعتبار سے دنیا میں کم نہیں بلکہ دوسری قوموں کے مقابلے میں بھی کم نہیں ہیں۔ آج دنیا میں 54 مسلم ممالک مسلمانوں کے ہاتھوں میں ہیں اور ان مسلم ممالک میں سونے کے معدنیات اور تیل کے ذخائر موجود ہیں۔ تاہم ان ممالک کے پاس یہ سب کچھ ہونے کے باوجود ان کے اندر ایمان کی کمی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے تعلق کی کمی کی وجہ سے دنیا میں آج ان کی کوئی قدر و قیمت نہیں ہے اور بے اثر ہیں۔ مولانا نے کہا کہ مسلمانوں کی یہ حالت دین اسلام پر عمل پیرا نہ ہونے کی وجہ سے ہورہی ہے۔ آج دعوت دین سے غفلت برتنے کے نتیجہ میں اور اسلام کی تبلیغ و اشاعت کا کام چھوڑنے کے نتیجہ میں دنیا میں ہم ذلیل و خوار ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی تبلیغ کیلئے کمربستہ ہوجائیں۔ اگر آج بھی امت مسلمہ دین اسلام کے تقاضوں کو پورا کرے گی اور اپنے اندر ایمانی و اخلاقی قوت پیدا کرے گی تو اسلامی انقلاب کی راہ ضرور ہموار ہوگی۔