تبلیغ اسلام، اولیاء اللہ کا مقصد حیات

شاد نگر میں عرس کے موقع پر مولانا محمد فرید الدین اور دیگر علماء کا خطاب
شاد نگر۔/31اگسٹ، ( راست )حضرت شاہ محمد عبدالوہاب قادری چشتی احمد نما رحمتہ اللہ علیہ موضع کوتنے پلی تعلقہ شاد نگر ضلع محبوب نگر کا 73ویں عرس شریف کی سہ روزہ تقاریب27تا29اگسٹ منعقد ہوئیں۔ 27اگسٹ کو مولوی شاہ محمد عبدالرفیق جنیدی ( متولی و سجادہ نشین ) نے مراسم صندل مالی انجام دیئے۔28 اگسٹ کو جشن چراغاں عمل میں آئے اور 29 اگسٹ بعد نماز مغرب حلقہ ذکر و تقسیم تبرکات عمل میں آیا۔ بعد نماز عشاء جلسہ فیضان اولیاء منعقد ہوا جس میں جناب احمد شاہ ، جناب اسمعیل شاہ نے جلسہ سے خطاب کیا۔ مولوی شاہ محمد عبدالرفیق جنیدی ( متولی و سجادہ نشین ) نے اپنے خطاب میں بزرگان دین کی تعلیمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ دور حاضر میں ساری دنیا کو روحانی سکون کی ضرورت ہے جو صر ف اور صرف اسلام اور اسلام کی تبلیغ و اشاعت کرنے والے حقیقی اولیاء اللہ کی خانقاہیں ہیں۔ مہمان خصوصی شریمتی جئے مالا ریڈی( سرپنچ ڈونڈا پلی ) اور سری گریدھر ریڈی دیشمکھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس جنگل میں عرس کا اس طرح انتظام ایک سچے صوفی کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج عرس کے دن یہ بارش ہونا بھی یہ بات ثابت کرتی ہے کہ یہ سچے اللہ والے بزرگ ہیں جن پر اللہ کی رحمت برس رہی ہے کیونکہ ہم سارے ضلع کے لوگ بارش کیلئے ترس رہے تھے اور دعائیں کررہے ہیںتھے۔ مسلمان ، ہندو، ہر کوئی اپنی جگہ دعا کررہا تھا اور اللہ نے ہم سب کی دعائیں ان عظیم بزرگ کے عرس کے دن قبول کی یہ ہمارے لئے خوشی کی بات ہے۔ جناب محمد مصطفی قادری چشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء اللہ کی سب سے بڑی صفت یہ ہوتی ہے وہ ایک سچے مومن ہوتے ہیں جن کا دل آئینہ کی طرح صاف ہوتا ہے اور جن پر خدا اور رسول ؐ کی رحمت باراں ہمیشہ نازل ہوتی رہتی ہے۔جناب محمد باقر قادری نقشبندی نے کہا کہ اولیاء اللہ نے ہر زمانے میں خدمت خلق کا درس دیا ہے۔ ہر زمانے کے بادشاہان و حکمران اولیاء اللہ کی خدمت میں حاضر ہوا کرتے تھے اور انہی کی دعاؤں سے انہوں نے اپنے تخت و تاج کو قائم و برقرار رکھا۔ عرس شریف میں مہاراشٹرا، کرناٹک اور آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع سے عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی میں سری سبھاس اگروال ( ڈولی پرنٹ حیدرآباد ) جناب مصطفے ( ناگپور)، شریمتی جئے مالا ریڈی ( سرپنچ ) سری گریدھر ریڈی دیشمکھ، جناب محمد سجو پہلوان ( وقف کمیٹی ممبر ضلع محبوب نگر )جناب محمد امجد شریف ، جناب محمد عبدالرؤف قادری چشتی، جناب محمد عارف ( یلمل گنڈہ ) جناب محمد رؤف،( سرپنچ یلمل گنڈہ ) جناب محمد برہان الدین قادری چشتی اور کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ محمد عبدالکمال جنیدقادری چشتی کی قرأت کلام پاک اور محمد عقیل احمد جنیدی کی نعت شریف سے جلسہ کا آغاز ہوا، سلام بحضور خیرالانام ؐ کے ساتھ جلسہ کا اختتام ہوا۔ محمد عبدالہادی ، محمد زین العابدین جنیدی، محمد سجاد علی جنیدی، محمد عقیل احمدجنیدی نے زائرین اور انتظامی امور میں حصہ لینے والے کارکنان اور مہمانان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔