دمبولا۔29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اے بی ڈی ویلیئرس کی سبکدوشی کے بعد ورلڈ کپ کی تیاری کے ضمن میں جنوبی آفریقی ٹیم نے آج یہاں کھیلے گئے مقابلے میں میزبان سری لنکا کو بہ آسانی 5 وکٹوں سے شکست دے کر 5 مقابلوں کی ونڈے سیریز کی 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔آفریقہ نے کامیابی کیلئے 194 رنز کا نشانہ 31 اوورس میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔ ٹیم کیلئے جے پی ڈومینی نے ناقابل تسخیر 53 رنز بنائے جبکہ کوئنٹن ڈی کاک اور کپتان فاف ڈوپلیسی نے فی کس 47 رنز کی اننگز کھیلی ۔ قبل ازیں میزبان ٹیم کو 36/5 تک محدود رکھنے میں فاسٹ بولر ربادا اور تبریز شمسی نے بالترتیب 41 اور 33 رنز کے عوض فی کس 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے کلیدی رول ادا کیا جس کے بعد کوسل پریرا (81) اور تسارا پریرا (49) کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو شرمناک اسکور سے کسی قدر بہتر اسکور تک پہنچایا۔