تباہی پھیلانے کے بعد بی جے پی کشمیر سے باہر نکل گئی: کجریوال

نئی دہلی 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے جموں و کشمیر میں پی ڈی پی اتحاد سے علیحدگی کیلئے بی جے پی کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ اس پارٹی (بی جے پی) نے ریاست کو تباہ کردیا۔ بی جے پی کے اعلان کے بعد کجریوال نے سلسلہ وار ٹوئٹس میں نوٹ بندی کا مسئلہ بھی اُٹھایا۔ کجریوال نے سوال کیاکہ ’’کشمیر کو تباہ کرنے کے بعد بی جے پی (کشمیر سے) باہر نکل گئی۔ کیا بی جے پی نے ہم سے نہیں کہا تھا کہ نوٹ بندی کے بعد دہشت گردی کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ تو پھر اب کیا ہوا‘‘۔ واضح رہے کہ بی جے پی یہ کہتے ہوئے پی ڈی اتحاد سے الگ ہوگئی کہ ریاست میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے پیش نظر حکومت میں اس کا برقرار رہنا ناممکن ہوگیا ہے۔