تاوان کے لیے اغواء و قتل ملزم گرفتار

حیدرآباد /29 ستمبر ( سیاست نیوز ) رقم کی خاطر اغواء کرنے اور رقم کی وصولی میں ناکامی کے بعد قتل کرنے والے ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے راکیش ریڈی قتل کیس کو حل کرتے ہوئے قاتل سری دھر ریڈی کو گرفتار کیا ۔ جواہر نگر پولیس نے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس الوال محمد سید رفیق کی قیادت میں اس کیس کو حل کرلیا ۔ مقتول راکیش ریڈی کا قاتل اسکا رشتہ دار سری دھر ریڈی نکلا جس نے پیسوں کی خاطر اپنے رشتہ دار کا اغواء کیا اور پھر بعد میں رقم کی عدم وصولی اور راز کے فاش ہونے کے خوف سے اس نے راکیش ریڈی کا قتل کردیا ۔ ڈی سی پی ملکاجگیری محترمہ راما راجیشوری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ مقتول راکیش ریڈی جس کی عمر 29 سال بتائی گئی ہے ۔ بیرون ملک تعلیم حاصل کرچکا تھا اور بے روزگار تھا ۔ یہ شخص گذشتہ  20 دن سے ذہنی طور پر منتشر تھا اور افراد خاندان سے بات چیت کئے بغیر خاموش رہنے لگا تھا ۔ سری دھر ریڈی جو اس کا رشتہ دار بتایا گیا ہے پیشہ سے رئیل اسٹیٹ کا کاروباری اور بیرون ملک روزگار فراہم کرنے کے ایجنٹ کی طرح کام کرتا تھا ۔ اس نے کئی افراد سے بیرون ملک روزگار فراہم کرنے کیلئے رقم بھی حاصل کرلی تھی اور روزگار کی فراہمی میں ناکامی کے بعد رقم واپس کرنے کیلئے وہ پریشان تھا ۔ اس دوران اس نے اپنے رشتہ دار کے اغواء کا منصوبہ تیار کیا اور 8 لاکھ روپئے تاون کی رقم کا مطالبہ کیا تھا ۔ پولیس نے قتل کے اندرون ہفتہ اس سنسنی خیز کیس کو حل کرلیا ۔ اس موقع پر انسپکٹر جواہر نگر مسٹر وینکٹ گیری اور دیگر موجود تھے ۔