تانڈور۔/18فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تانڈور میں ٹی آر ایس کی رکنیت سازی مہم روک دی گئی۔ اس کا انکشاف کونڈہ ویشویشور ریڈی ایم پی چیوڑلہ نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے مقامی لیڈروں سے ضلعی عہدیداروں سے اختلافات اس کی وجہ ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ضلع رنگاریڈی میں 1.90 لاکھ افراد نے ٹی آر ایس کی رکنیت حاصل کی ہے۔ رکنیت حاصل کرنے والوں کو فی کس ایک لاکھ روپئے کی بیمہ پالیسی دی جارہی ہے جبکہ ریاست تلنگانہ میں رکنیت سازی کا نشانہ 30لاکھ مقرر کیا گیا ہے۔ ویشویشور ریڈی رکن پارلیمنٹ چیوڑلہ کل تانڈور میں ایک کالج کی تقریب میں آئے ہوئے تھے۔ صحافیوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ ضلع رنگاریڈی میں صنعتوں کا جال بچھادیا جائے گا اس کے لئے چھوٹی صنعتوں کو ترجیح دی جائے گی۔ وہ دہلی میں ارکان پارلیمان کی صنعتی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔