تانڈور میں حالات کشیدہ مگر قابو میں

2 شرپسند گرفتار ، 4 فرار ، ضلع ایس پی انا پورنا کا بیان

تانڈور ۔ 6 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تانڈور میں حالات کشیدہ مگر قابو میں ہیں ۔ ضلع ایس پی آفس وقار آباد کے ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ احتیاطاً تانڈور شہر میں دفعہ 144 نافذ کردیا گیا ہے ۔ جس کے تحت 3 افراد یا زائد ایک جگہ جمع نہیں ہوں گے ۔ ضلع کلکٹر ضلع وقار آباد سید عمر جلیل نے جملہ 165 سی سی کیمرے منظور کئے ہیں جو تانڈور کی مساجد میں لگا دئیے جائیں گے ۔ تانڈور شہر میں جملہ 40 مساجد ہیں ، باقی کیمرے دیہی مساجد میں فٹ کئے جائیں گے ۔ تانڈور کی مسجد حسین میں خنزیر کاٹ کر ڈالنے میں 6 افراد کو ملوث بتایا گیا ۔ جن میں 2 کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ باقی 4 فرار ہیں ۔ محترمہ انا پورنا ایس پی ضلع تانڈور میں ہی قیام کیے ہوئے ہیں کہا کہ ان مفرور اشرار کو بھی جلد حراست میں لیا جائے گا ۔ تانڈور کے مسلم قائدین سید منصور کریم سیٹھ کی قیادت میں ایس پی سے ملاقات کر کے نمائندگی کی ۔ واضح رہے کہ مسجد میں خنزیر کاٹ کر ڈالنے کے واقعہ کے خلاف مسلمانوں میں کافی برہمی پائی جارہی تھی ۔ اور حالات کشیدہ ہوگئے تھے ۔ مقامی مسلم قائدین نے مسلم نوجوانوں کو سمجھا بجھا کر ریالی نکالنے سے باز رکھا گیا ۔ بعد ازاں پولیس نے مسجد پہنچ کر معائنہ کیا اور پنچ نامہ کے بعد مقدمہ درج کرلیا تھا ۔ ضلع ایس پی نے بھی مسلم نمائندوں کو اطمینان دلایا تھا کہ اس معاملہ میں جانبداری کا لحاظ نہیں کیاجائے گا ۔ چنانچہ گرفتار شدہ افراد سے پولیس پوچھ تاچھ کررہی ہے ۔۔