تانڈور میں جشن شیخ الاسلامؒ کا انعقاد

مولانا خواجہ شریف ،مولانا فصیح الدین نظامی اور دیگر علماء کا خطاب
تانڈور /3 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تانڈور میں جشن شیخ الاسلام تعلیمی بیداری مہم بضمن صد سالہ عرس شریف حضرت شیخ الاسلام تانڈور میں مولانا خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ و دیگر علماء نے کہا کہ علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان مرد و عورت پر لازم رکھا گیا ہے ۔ کیونکہ علم ہی وہ چیز ہے جو انسان کو تاریکی سے روشنی میں لاتا ہے ۔ جہاں مردوں کیلئے علم کا حصول ضروری ہے وہیں عورتوں کا علم حاصل کرنا بھی ضروری ہے ۔ ماں کی گود بچوں کیلئے پہلا مدرسہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ نے تانڈور میں منعقدہ جلسہ زیر اہتمام مدرسہ مدینتہ العلوم تانڈور صمد فنکشن ہال میں کیا ۔ انہوں نے حضرت شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کی مختلف کتابوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ حضرت کی تصنیف کردہ کتابیں انوار احمدی ، مقاصد الاسلام کے گیارہ حصے حقیقہ الفقہ کے دونوں جصے افادۃ الافہام و دیگر کتب کا مطالعہ ضروری ہے تاکہ تہذیب بھی سلامت رہے اور عقیدہ بھی ۔ مولانا فصیح الدین نظامی مہتمم کتب خانہ جامعہ نظامیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ نظامیہ 144 سال سے قوم و ملت کی خدمت کرتا آرہا ہے بہت ساری سلطنتیں آئیں اور چلی گئیں لیکن جامعہ نظامیہ اور بانی جامعہ کا فیض کل بھی جاری تھا اور اب بھی جاری ہے ۔ انشاء اللہ تاقیامت جاری رہے گا ۔ مولانا نعمت اللہ قادری صدر مودب جامعہ نظامیہ نے بھی خطاب کیا ۔ مولانا محی الدین نظامی قادری محمودی نے کہا کہ انسان پردہ کرنے کے بعد بھی تین کام ایسے ہیں جس کا ثواب تا قیامت جاری رہتا ہے اولاد کا نیک ہونا ، دینی تعلیم کا پڑھنا ، کار خیر انجام دینا ۔ یہ تینوں چیزیں بانی جامعہ نظامیہ سے خاص ہیں ۔ اللہ نے آپ کو حضرت عمر فاروقؓ کی اولاد میں پیدا فرمایا ۔ مولانا حافظ و قاری محمد شکیل احمد نظامی ناظم مدرسہ مدینتہ العلوم تانڈور نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ جلسہ میں کافی تعداد شریک تھی جبکہ فنکشن ہال اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کر رہا تھا ۔ جلسہ میں تمام ذمہ داران موجود تھے ۔ آخر میں جلسہ صلاۃ و سلام پر اختتام کو پہونچا ۔