یلاریڈی۔/8اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل تاڑوائی کے ایرہ پہاڑ علاقہ شیوار کے تالاب میں حادثاتی طور پر گرجانے سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس کی تفصیلات کے مطابق گندھاری منڈل کے ونڈریکل موضع سے تعلق رکھنے والا 48 سالہ وجئے تھامس روز کی طرح کاما ریڈی مستقر کو مزدوری کے کام پر گیا واپس ایرہ پہاڑ کو آرہا تھا کہ حاجت کیلئے تالاب کے قریب گیا جہاں حادثاتی طور پر گرنے سے فوت ہوگیا۔ متوفی کو بیوی شوری انشماں، بیٹی بالا ٹریسا ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے کاماریڈی دواخانہ منتقل کیا اور مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
پنچایت مزدوروں کا 11 اگسٹ کو
چلو حیدرآباد پروگرام
یلاریڈی۔/8 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گرام پنچایت مزدوروں کی جاری ہڑتال 11 اگسٹ کو چلو حیدرآباد پروگرام کو کامیاب بنانے CITU ضلع سکریٹری سری راملو نے اپیل کی۔ انہوں نے منڈل لنگم پیٹ کے پنچایت مزدوروں کی ہڑتال میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 16 دنوں سے جاری مزدوروں کی ہڑتال سے لاپرواہ حکومت کو 11 اگسٹ کو چلو حیدرآباد پروگرام کے ذریعہ اپنے مسائل پر غور کرنے کیلئے متوجہ کررہے ہیں۔ ضلع بھر کے پنچایتوں کے تمام مزدور 11 اگسٹ کو چلو حیدرآباد پروگرام کیلئے روانہ ہونے کا مشورہ دیا تاکہ حکومت کو مزدوروں کے مسائل پر نظر گراں کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔ اس موقع پر سی آئی ٹی یو ضلع صدر رویندر، نائب صدر چندر شیکھر، مزدور سنگم ضلع سکریٹری وینکٹ گوڑ، موتی رام اور دوسرے موجود تھے۔