تاریخی میوزیم سے نظام کی نادر اشیا کا سرقہ

حیدرآباد ۔3ستمبر ( سیاست نیوز) پرانا شہر کے تاریخی میوزیم میں سرقہ کی سنگین واردات پیش آئی ۔ بتایا جاتا ہیکہ آصف سابع میر عثمان علی خان کی نادر اشیاء کا سرقہ کرلیا گیا ۔ اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد شہر میں سنسنی پھیل گئی اور اطلاع کے ساتھ ہی کمشنر پولیس حیدرآباد پرانی حویلی پہنچ گئے اور تقریباً 2گھنٹے یہاں توقف کرکے حالات کا جائزہ لیا ۔ اطلاعات کے مطابق آج صبح سرقہ کا انکشاف ہوا ۔ نامعلوم سارق نے پرانی حویلی کے نظام میوزیم میں سرقہ کیا ۔ میوزیم میں موجودہ ایگزاسٹ فیان کو توڑ کر اندر داخل ہوا اور اس علاقہ میں موجودہ سی سی ٹی وی کیمروں کو توڑ دیا گیا اور میوزیم سے شاہی ٹفن اور پیالی تشتری کا سرقہ کرلیا گیا ۔ اے سی پی میرچوک مسٹر آنند نے بتایا کہ اس سلسلہ میں خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ اس سلسلہ میں ٹاسک فورس کی ٹیمیں متحرک ہوگئی ہیں ۔