محبوب نگر۔/3جولائی ، ( فیکس ) جامع مسجد محبوب نگر میں 27رمضان مطابق 2 جولائی کو شب قدر کو بڑی عظمت و احترام سے منایا گیا۔ انتظامی کمیٹی کے ذمہ داران نے دو ماہ سے اپنی لگاتار شب و روز کی مساعی کے سبب مسجد کو عالیشان و پرنور بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جس کے لئے وہ قابل تحسین ہیں۔ مسجد سے متعلق ہر قسم کی سہولتیں جیسے وضو خانے، طہارت خانے، بیت الخلاء سے مصلیوں کو بڑی سہولت حاصل ہوگئی ہے۔ باب الداخلہ مسجد کا اندرون و بیرون حصہ مکمل بقعہ نور کی تصویر پیش کررہا ہے۔ جناب حلیم بابر صدر بزم کہکشاں و بے شمار احباب نے کمیٹی کی محنت و لگن کو سراہا ہے۔ قابل مبارکباد ہیں کمیٹی کے وہ تمام عہدیداران و اراکین جنہوں نے جذبہ ایمانی کے تحت مسجد کی تعمیر و ترمیم میں اپنے قیمتی لمحات صرف کئے اور رضائے الہی کے مستحق بنے۔ امید کی جاتی ہے کہ کمیٹی اپنی اعلیٰ تر صلاحیتوں کے سبب تاریخی جامع مسجد کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولت پیدا کرے گی۔ مسجد کے تعمیری اُمور میں بالخصوص چاند بھائی کے علاوہ دیگر مخیر احباب بھی قابل مبارکباد ہیں کہ انہیں اللہ کے گھر کو سجانے اور سنوارنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ انشاء اللہ مستقبل میں بھی یہ احباب اپنا وقت اور سرمایہ لگانے میں پیش پیش رہیں گے۔