تارکیشور ڈیولپمنٹ اتھارٹی: سبرامنیم سوامی کی ممتا بنرجی سے ملاقات

کلکتہ 9مئی ( سیاست ڈاٹ کام)بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے آج وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ریاستی سیکریٹریٹ نوبنو میں ملاقات کرکے تارکیشور ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے متعلق جاری تنازع پر بات چیت کی ۔میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سبرامنیم سوامی نے کہا کہ ممتا بنرجی ملک کی قدآور لیڈر ہیں ۔طویل عرصے سے ان سے دوستانہ تعلق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگ ایک ساتھ پارلیمنٹ میں رہے ہیں اور ایک مدت بعد ملاقات کرنے کے بعد خوشی ہوئی۔ خیال رہے کہ بنگال حکومت کے ذریعہ تارکیشور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی تشکیل کے بعد سے ہی حکومت پر تارکیشور مندرٹرسٹ کے کام کاج میں مداخلت کرنے کا الزام لگ رہا ہے اور کئی دائیں بازوں کی تنظیمیں اس کے خلاف مہم بھی چلارہی ہیں ۔دو دن قبل خود بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے اس کے خلاف تبصرہ کرتے ہوئے براہ راست وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے بات کرنے کی بات کہی تھی۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے بات کرنے کے بعد سبرامنیم سوامی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ”ممتا بنرجی نے کہا کہ تارکیشور ڈیولپمنٹ اتھارٹی مندر کے کام کاج میں مداخلت کیلئے نہیں بنایا گیا ہے ۔بلکہ تارکیشور کی ہمہ جہت ترقی کیلئے اس اتھارٹی کو تشکیل دیا گیا ہے ۔مندر سمیت پورے علاقے کی ترقی کی ذمہ داری اس اتھارٹی کے ذمے ہے ۔مندر کے ٹرسٹ سے اس اتھارٹی کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔مندر کے کام کاج کی ذمہ داری خود مندر ٹرسٹ دیکھے گی ۔ ممتا بنرجی نے سوامی سے کہا کہ ان کی حکومت تمام علاقوں کی ترقی کیلئے پابند عہد ہے اور مذہبی امور میں دخل اندازی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ہے ۔سبرامنیم سوامی نے وزیرا علیٰ کے بیان پر اطمینان کا اظہار کیا۔