تاج محل کو صنعتی گیسوں سے خطرہ کا ادعا

نئی دہلی 30 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) 17 ویں صدی کی مغل تعمیر اور محبت کی یادگار تاج محل کو اطراف میں کئی صنعتوں کے قیام کی وجہ سے صنعتی گیسوں کے اخراج سے خطرہ لاحق ہے ۔ کچھ مینو فیکچررس اسوسی ایشن نے اس خیال کا اظہار کیا ہے ۔ ان اسوسی ایشنوں نے مرکزی وزیر پٹرولیم ویرپا موئیلی کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاج محل کے اطراف جو محفوظ علاقہ ہے وہاں کم قیمت پر قدرتی گیس دستیاب ہے جس کی وجہ سے صنعتوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ صنعتوں کی بہتات کی وجہ سے تاج محل کو خطرہ لاحق ہے ۔ موئیلی ماحولیات کے وزیر بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کی جانب سے غیر منظم و کم قیمت پر گیس فراہم کی جا رہی ہے جس سے تاج محل کے اطراف کے علاقہ میں صنعتی یونٹوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ تاج کے اطراف صنعتوں میں اضافہ کے علاوہ گذشتہ دس سال میں 15 نئی فیکٹریاں قائم کی گئی ہیں جہاں کانچ کی بوتلیں تیار ہوتی ہیں ان سے گیسوں کے اخراج میں اضافہ ہوگیا ہے ۔