تاج الاسلام پہلے مقابلے میں ہیٹ ٹرک لینے والے پہلے بولر

ڈھاکہ۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیشی بائیں ہاتھ کے اسپنر تاج الاسلام اپنے پہلے ہی بین الاقوامی ونڈے مقابلے میں ہیٹ ٹرک لینے والے دنیا کے پہلے بولر بن چکے ہیں اور اس طرح بنگلہ دیش نے یہاں منعقدہ پانچویں ونڈے میں بھی کامیابی حاصل کرتے ہوئے زمبابوے کا 5-0 سے مکمل صفایا کردیا ہے، جیسا کہ اس نے پہلے ٹسٹ سیریز میں 3-0 کی کامیابی حاصل کی تھی اور تاج الاسلام نے اپنے کریر کے چھٹے اوور کی آخری گیند پر ٹیناشے پنیانگرا کی وکٹ حاصل کی جس کے بعد اگلے اوور کی پہلی گیند پر جان نیمبو کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا جس کے فوری بعد ٹینڈائی چتارا کو بولڈ کرتے ہوئے ریکارڈ ساز مظاہرہ کیا ہے۔ تاج نے 11 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور اس طرح وہ ہیٹ ٹرک لینے والے بنگلہ دیش کے چوتھے بولر بنے ہیں۔ قبل ازیں یہ کارنامہ شہادت حسین، عبدالرزاق اور روبیل حسین نے انجام دیا ہے۔ بنگلہ دیش نے مہمان زمبابوے کو 128 رنز پر ڈھیر کرتے ہوئے مطلوبہ نشانہ 5 وکٹوں کے نشان پر 24.3 اوورس میں 130 رنز کی شکل میں حاصل کرلیا۔ محمد اللہ 51 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ تاج الاسلام کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے شکیب الحسن نے 30 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔