تاجکستان میں ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹ پراجکٹ کا افتتاح

روغن ۔ 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) تاجکستان میں جمعہ کے روز 3.9 بلین ڈالرس کے تخمینہ سے تیار ہونے والے ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹ پراجکٹ کا افتتاح عمل میں آیا۔ یہ ایک ایسا میگا پراجکٹ ہے جس کے ذریعہ ملک میں نہ صرف برقی کی گھریلو ضروریات کی تکمیل ہوگی بلکہ افغانستان اور پاکستان جیسے پڑوسی ممالک کو برقی برآمد بھی کی جائے گی۔ جنوبی تاجکستان کے دریائے وخش پر تعمیر کئے جانے والے پاور پلانٹ کی بلندی کو آئندہ دس سالوں تک 335 میٹر (1099 فیٹ) کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔ اس کی تکمیل کے بعد پلانٹ میں روزانہ 3600 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی جو تین نیوکلیئر پاور پلانٹس کے مماثل ہوگا۔ اس پلانٹ کی تعمیر کیلئے صدر امام علی رحمان نے شخصی دلچسپی دکھائی ہے۔ 2016ء میں ڈیم کی تعمیر کیلئے کھدوائی کے موقع پر صدر نے خود بل ڈوزر چلایا تھا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہیکہ اس پراجکٹ کیلئے انہوں نے شخصی طور پر بھی کافی دلچسپی لی ہے اور اسے بروقت مکمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔