تاجر سے سونا لوٹنے والا ایرانی گینگ کا رکن گرفتار

حیدرآباد 3 جون ( سیاست نیوز ) شہر میں ایرانی گینگ کے ایک رکن کو پولیس نے گرفتار کرلیا جس نے خود کو پولیس ظاہر کرکے ایک تاجر سے سونا لوٹ لیا تھا ۔ توجہ ہٹاکر سرقہ اور رہزنی کے معاملات میں ماہر ایرانی گینگ کی سرگرمیوں پر پولیس نظر رکھے ہوئے ہے ۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز شاہ عنایت گنج حدود میں سونے کے تاجر سے توجہ ہٹاکر سونا لوٹ لیا گیا تھا ۔ ساوتھ زون ٹاسک فورس پولیس نے اس معاملہ میں اکبر نامی شخص کو گرفتار کرلیا ۔ ٹاسک فورس ساوتھ زون انسپکٹر مدھو موہن نے بتایا کہ اکبر ایرانی گینگ کا رکن ہے اور یہ گینگ اکثر پولیس کے بھیس میں شہریوں کو لوٹتی ہے ۔ اس واقعہ کے بعد ٹولی کے دوبارہ سرگرم ہونے پر پولیس کو شبہات ہیں اور پولیس نے اس ٹولی اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ اب رمضان اور بازاروں میں خریداری کیلئے ہجوم اور بھیڑ کا بھی یہ ٹولی فائدہ اٹھا سکتی ہے ۔ اس کے علاوہ بازاروں میں پولیس نے سخت نظر کو بڑھا دیا ہے ۔