تاجرین کے مسائل کی یکسوئی ضروری

محبوب نگر 30 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کے طول و عرض میں تقریبا 30 ہزار چھوٹے بیو پاری فٹ پاتھ پر اپنا کاروبار کرتے ہوئے زندگی بسر کررہے ہیں۔ جنہیں بے شمار مسائل اور تکالیف کا سامنا ہے۔ جنوری کے دوسرے ہفتہ میں ہاکرس فیڈریشن ضلع محبوب نگر کی جانب سے ایک جلسہ کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ بابر شیخ ہاکرس فیڈریشن ضلع محبوب نگر کے صدر نے آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی ۔ اس جلسہ میں پارلیمنٹ اور اسمبلی کے ممبران ریاستی وزراء کی شرکت متوقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاکرس کے مسائل کیلئے متعدد مرتبہ نمائندگیاں کی گئیں لیکن نتیجہ صفر رہا ۔ بدلتی حکومتوں میں بھی ان کے مسائل جیسے کے ویسے ہی ہیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام طبقات کی مساوی ترقی چاہتے ہیں اور سنہرا تلنگانہ کا خواب شرمندہ تعبیر کرنا چاہتے ہیں تو ان بیو پاریوں کے مسائل اور ترقی کیلئے اقدامات کرنا ہوگا ۔ اس موقع پر فیڈریشن سکریٹری پربھاکر ، ٹاون صدر قادر ،ٹاون سکریٹری اشوک، نائب صدر سید مظہر الدین خازن مقبول محمد حسین ، محمد شاہد ، محبوب مدھو سوامی وغیرہ موجود تھے ۔