ت%12تحفظات کی فراہمی تک تقررات روک دینے کامطالبہ

حکومت پردباؤ بنانے کی مہم میں پھر شدت ، مریال گوڑہ میں مذہبی تنظیموں کی آر ڈی او کو یادداشت

نلگنڈہ /3 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی حکومت اپنے انتخابی وعدے پر عمل کرتے ہوئے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کیلئے مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج ضلع کے مریال گوڑہ مستقر میں مسلمانوں کی نمائندہ مذہبی تنظیموں کی جانب سے ایک تحریری یادداشت آر ڈی او کو پیش کی گئی ۔ اس موقع پر مولانا محمد ولی مفتی عمر و دیگر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس سربراہ نے اپنے انتخابی منشور میں مسلمانوں کو اندرون 4 ماہ 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ لیکن اقتدار پر فائز ہوئے چار برسوں میں اسمبلی میں قرارداد منظور کرتے ہوئے مسلمانوں کو خوش کردیا ۔ لیکن ریاستی حکومت مرکزی حکومت پر اس خصوص میں دباؤ بنانے میں ناکام ہو رہی ہے اور تحفظات کی فراہمی تک مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کے عمل کو فوری روک دینے کا مطالبہ کیا ۔ روزنامہ سیاست کی اپیل پر ضلع میں 12 فیصد تحفظات کی مہم میں شدت پیدا کیا جائے گا اور حکومت کو اپنے وعدے کی عمل آوری کیلئے دباؤ بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر مہم چلائی جائے گی ۔ مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کی قائم کردہ تمام کمیٹیوں سے مسلمانوں کو تحفظات کی فراہمی کرنے کی سفارش کی ہے لیکن حکومت تحفظات کی فراہمی کیلئے صرف اسمبلی میں قرارداد کو منظور کرکے مرکز کو روانہ کرکے اپنی ذمہ داری سے پہلو تہی کر رہی ہے ۔ان قائدین نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اس خصوص میں فوری توجہ دیتے ہوئے جائیدادوں کی بھرتی کے اعلامیہ میں مسلمانوں کے تحفظات فراہمی کیلئے ہمدردوں کو واضح ہدایت دیں اور مرکزی حکومت سے فوری تحفظات کی فراہمی کیلئے دباؤ ڈالیں ۔ اس موقع پر ڈاکٹر منیر رحمن خان ، کریم ، سمیع قادری ، بابو جانی ، فاروق ، عمر ، چندر مولی ، سیدلو ، عمران ، پرز ، عبداللہ ودیگر موجود تھے ۔