گجویل میں جائزہ اجلاس سے آر ڈی او متیم ریڈی کا خطاب
گجویل 29 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گجویل، پرگنا پور نگر پنچایت کے تحت موجود 20 وارڈوں میں گزشتہ دو تین ہفتوں سے متعلقہ عہدیدار گھر گھر پہونچ کر بے گھر افراد کی نشاندہی کررہے ہیں۔ بعدازاں محکمہ ہاؤزنگ کے علاوہ میونسپل عملہ اور ریونیو عہدیداروں نے نگر پنچایت گجویل پرگنا پور کے بے گھر افراد سے درخواست کرنے کی خواہش کی تھی۔ چنانچہ اس ضمن میں گجویل، پرگنا پور پنچایت کے عوام نے کم از کم سات ہزار سے بھی زیادہ درخواستیں دی تھیں۔ ان تعمیر امکنہ کی عاجلانہ کارروائی کرنے کے علاوہ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں شامل ڈبل بیڈ روم والے مکانات مستقبل میں فراہم کرنے کا آغاز چیف منسٹر نے ریاست تلنگانہ میں اپنے ہی حلقہ اسمبلی گجویل سے شروع کرنے کی غرض سے متعلقہ ہاؤزنگ محکمہ کے علاوہ دیگر عہدیداروں کو ذمہ داری سونپی تھی تاکہ ان مکانات کی تعمیر جلد ہوسکے۔ چنانچہ اس ضمن میں ان تعمیری امکنہ کے کاموں کے علاوہ حلقہ اسمبلی گجویل کے چھ منڈلوں میں ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانے کی خاطر آر ڈی او جگتیال جوکہ سابق میں سدی پیٹ آر ڈی او کی حیثیت سے ڈیوٹی انجام دینے والے حرکیاتی عہدیدار مسٹر ہنمنت راؤ کو گزشتہ تین ہفتہ قبل حلقہ اسمبلی گجویل کی ترقی کے لئے خصوصی نگہداشت کے طور پر اسپیشل آفیسر کی حیثیت سے تعینات کیا ہے۔ چنانچہ آج مستقر گجویل کی تحصیل آفس میں آر ڈی او سدی پیٹ مسٹر متیم ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے ان ترقیاتی کاموں کی جانکاری اور تفصیلات حاصل کرنے کی غرض سے ایک خصوصی جائزہ اجلاس سے مخاطب کیا۔ اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جولائی کے پہلے ہفتہ تک گجویل پرگنا پور نگر پنچایت کے تحت بے گھر مستحق افراد کی شناخت کرتے ہوئے اپنی رپورٹ پیش کرنے کی خواہش کی۔