کویت سٹی۔ 9؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ تیل کی دولت سے مالامال کویت میں ساکن لاکھوں بے وطن افراد کو افریقی ملک کوموروس نے ان کے برسوں پرانے مسئلہ کی یکسوئی کرتے ہوئے شہریت حاصل کرنے کی پیشکش کی ہے۔ یہ بے وطن افراد بدو کہلاتے ہیں۔ انھیں خصوصی درخواستوں پر کوموروس کی معاشی شہریت عطا کی جائے گی۔ کویت کے نائب معتمد میجر جنرل مازن الجراح نے جو وزارت داخلہ سے وابستہ ہیں، روزنامہ ’الجریدہ‘ سے کہا کہ جو افراد شہریت قبول کریں گے، انھیں کویت میں مفت رہائشی سرٹیفکیٹ، کئی ترغیبات جیسے مفت تعلیم، حفظانِ صحت اور حق روزگار دیا جائے گا۔ یہ کارروائی جلد از جلد کوموروس کے سفارت خانہ کی کویت میں کشادگی سے قبل مکمل ہوجانی چاہئے۔ کارروائی کا آغاز کوموروس کے کویت میں آئندہ مہینوں میں سفارت خانہ کے قیام کے ساتھ ہی ہوجائے گا۔ کویت میں ایک لاکھ 10 ہزار سے زیادہ بے وطن بدو پیدا ہوچکے اور پرورش پاچکے ہیں، لیکن انھیں کویت کی شہریت بھی حاصل نہیں ہے۔