جمعیۃ العلماء بیدر کے اجلاس میں فیصلہ، غریب مریضوں کیلئے ایمبولنس خریدی کی تجویز
بیدر /2 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا محمد تصدق حسین جنرل سکریٹری جمعیۃ العلماء ہند ضلع بیدر کے بموجب جمعیۃ العلماء ضلع بیدر کا ماہانہ مشاورتی اجلاس مقامی صدر مفتی علام یزدانی اشاعتی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں تمام عہدہ داران و ارکان موجود تھے۔ تمام شرکاء کی موجودگی میں سابقہ کار گزاری پیش کی گئی اور آئندہ کے لئے لائحہ عمل ترتیب دیا گیا۔ سابقہ کارگزاری پر تمام احباب نے مختصر مدت میں کارہائے نمایاں پر دلی اطمینان کا اظہار فرمایا، جس کی رپورٹ اخبارات میں بھی آتی رہی۔ جمعیۃ کو ضلعی سطح پر مستحکم کرنے کے لئے تعلقہ جات کے دوروں کا پروگرام بنایا گیا، جس کے مطابق ہر ہفتہ ایک تعلقہ کا دورہ کیا جائے گا اور جلسے بھی منعقد کئے جائیں گے۔ ماہ محرم کی مناسبت سے عظمت صحابہ، شہادت حسین، حقیقیت عاشورہ اور خرافات محرم جیسے عنوانات پر مختلف مقامات پر جلسے منعقد کئے جائیں گے۔ اس اجلاس میں ایک اہم پروگرم یہ بھی طے پایا کہ ملت کا تعلیم یافتہ باشعور قانون داں طبقہ وکلاء کا ہے، لہذا ضلعی سطح پر تمام وکلاء کو جوڑکر وکلاء کانفرنس منعقد کی جائے اور اس کانفرنس میں ملک کے ممتاز علماء کے علاوہ ہائی کورٹ و سپریم کورٹ کے ماہر قانون داں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ آئے دن بہت سارے اعلی تعلیم یافتہ ذہین و قابل ترین بے قصور نوجوانوں کو بے بنیاد الزامات میں پھنساکر بے جا طورپر محروس کیا جا رہا ہے اور وہ برسوں سے قید و بند کی صعوبتیں جھیل رہے ہیں، جس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ ان کے مقدمات کی پیروی اور عدالتوں سے ان کو باعزت بری کروانے کے لئے ماہر وکلاء کی مقدمات کی پیروی اور عدالتوں سے ان کو باعزت بری کروانے کے لئے ماہر وکلاء کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا اور یہ اہم ترین کام جمعیۃ العلماء ہند ضلع بیدر کے پلیٹ فارم سے انجام دینا طے پایا۔ اس کے علاوہ خدمت خلق کے تحت ہر ماہ سلم بستیوں میں جمعیۃ کی جانب سے فری میڈیکل کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ شہر کے علاوہ دیہاتوں میں بھی یہ کیمپس منعقد کئے جائیں گے، جس میں جملہ امراض کی تشخیص کے لئے ماہر ڈاکٹرس کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں نادار و غریب مریضوں کے لئے بہت جلد ایک ایمبولنس کا نظم بھی طے پایا، جس سے صرف ڈیزل خرچ پر مستحق مریضوں کو خدمات فراہم کی جائیں گی۔ ان تمام تجاویز پر جمع ارکان نے اتفاق رائے کا اظہار کیا۔ آخر میں مولانا عبد الرحمن حسینی قاسمی نائب صدر کی دعا پر اجلاس اختتام پزیر ہوا۔