حیدرآباد۔ 22 جنوری (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ شمشیر گنج میں پیش آئے ایک افسوسناک سڑک حادثہ میں آٹو کی ٹکر سے ایک حمال برسرموقع ہلاک ہوگیا۔ یہ واقعہ آج دوپہر اس وقت پیش آیا جب 45 سالہ اے جنگیا جو شمشیر گنج علاقہ میں واقع چاول کی ایک دکان میں حمال کا کام کیا کرتا تھا اور وہ شمشیر گنج چوراہا پر سڑک عبور کررہا تھا کہ اچانک ایک تیز رفتار پیاسنجر آٹو نے اسے ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا۔ ٹرپ کا آٹو TS13UA-3145 ہے، تیز رفتاری سے فلک نما سے شمشیر گنج کی سمت جارہا تھا کہ اچانک آگے کا پہئیہ نکل گیا اور آٹو نے بے قابو ہوکر جنگیا کو ٹکر دے دی۔ ٹکر کی شدت اتنی زبردست تھی کہ اس کے سر پر گہری چوٹ لگی جس کے سبب وہ جائے حادثہ پر ہی فوت ہوگیا۔ حادثہ کے بعد شمشیر گنج چوراہے پر سنسنی پھیل گئی اور وہاں سے ٹریفک جام ہوگیا۔ سب انسپکٹر شاہ علی بنڈہ پولیس پرتاپ ریڈی نے بتایا کہ مقامی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے حادثہ کی مکمل ویڈیو فوٹیج برآمد کرلی گئی ہے، اور اسکی بنیاد پر آٹو ڈرائیور محمد مہتاب الدین ساکن پیلی درگاہ بارکس کو لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے کیس میں گرفتار کرلیا جبکہ حمال جنگیا کی نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ میں بغرض پوسٹ مارٹم منتقل کردیا اور بعدازاں نعش کو ورثہ کے حوالے کردیا۔