بے روزگار گریجویٹ سارق میں تبدیل

مسروقہ مال واقع ضبط ، ڈی سی پی ایل بی نگر تفسیر اقبال کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /2 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ٹیلی ویژن پر جرائم کی نشریات اور اخبارات میں جرائم کی خبریں دیکھ کر ایک بے روزگار سارق بن گیا ۔ گریجویشن کی تکمیل کے بعد خانگی ملازمت کو ترک کرتے ہوئے از خود جرائم کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے وارداتیں انجام دیتا تھا ۔ اس سارق کو ایل بی نگر پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ آج اس خصوص میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران ڈپٹی کمشنر پولیس ایل بی نگر زون مسٹر تفسیر اقبال نے سارق کو پیش کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ 24 سالہ سی مرلی کرشنا راجو کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 25 تولہ طلائی زیورات کو ضبط کرلیا ۔ جس کی مالیت 2 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ سرقہ و رہزنی کی وارداتوں کو دیکھتے ہوئے کرائم کے خصوصی دستوں کو تعینات کیا گیا تھا ۔ جو رہزنی و سرقہ کی وارداتوں پر قابو پانے اور اس کی روک تھام کیلئے خصوصی طور پر تشکیل دئے گئے ۔ اس دوران اس خصوصی دستے اور کرائم پارٹی نے مرلی کرشنا کو روک لیا جو موٹر سائیکل پر جارہا تھا ۔ اس کی مشتبہ نقل و حرکت کو دیکھتے ہوئے پولیس نے اسے  اپنی تحویل میں لے لیا اور پوچھ تاچھ کے دوران اس نے اپنے جرم کو قبول کرلیا ۔ مرلی کرشنا راجو ونستھلی پورم علاقہ کا ساکن تھا جس کا آبائی مقام گنٹور بتایا گیا ہے ۔ اس نے اپنے جرم میں قبول کیا کہ اس نے 12 وارداتیں انجام دیں جو ونستھلی پورم اور میرپیٹ پولیس حدود میں پیش آئیں ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ نومبر سال 2014 سے اس کی مجرمانہ سرگرمیاں عروج پر ہیں ۔ راجو نے سال 2012 میں بی ایس سی بی زیڈ سی تکمیل کیا تھا جس کے بعد اس نے ماروتی شوروم میں ملازمت اختیار کرلی جس کے بعد اس نے چند عرصہ قبل اس ملازمت کو ترک کردیا ۔اس دوران ٹیلی ویژن پر جرائم کی داستانیں دیکھی اور اخبارات میں جرائم کی خبروں کا اکثر مطالعہ کرتا تھا ۔ جس کے بعد اس نے از خود منصوبہ بندی کرتے ہوئے وارداتیں انجام دی تھیں ۔ ڈی سی پی تفسیر اقبال نے پولیس پارٹی کی چوکسی اور کارروائی پر عملہ کی ستائش کی اور گرفتار مرلی کرشنا کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔