حیدرآباد /30 مئی ( سیاست نیوز ) بے روزگار نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے کا جھانسہ دیکر رقومات ہڑپنے والے تین دھوکہ بازوں کو کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ محمد عبدالمجید ساکن سنتوش نگر نے اپنے دو ساتھیوں 31 سالہ محمد عبدالباسط اور 36 سالہ شیخ منیرالدین عرف معین ساکن مرادنگر نے بے روزگار نوجوانوں کو بیرونی ممالک دوبئی ، آسٹریلیا ، قطر ، سعودی عرب میں ملازمت فراہم کرنے کے بہانے رقومات حاصل کرلئے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ شیخ منیرالدین آصف نگر ، نوبل ٹاکیز کے قریب واقع مرحبا ٹراویلس میں ملازم کیا کرتا تھا ۔ اس نے محمد عبدالباسط جو سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام کرتا ہے مجید کی مدد سے بے روزگار نوجوانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے منیرالدین کے پاس لے جایا کرتے تھے جہاں پر نوجوانوں سے مختلف جائیدادوں کیلئے بیرونی ممالک میں ملازمت فراہم کرنے کے بہانے اسے نقد رقم حاصل کرلیا کرتے تھے ۔ اس سلسلے میں ہمایوں نگر پولیس نے مذکورہ افراد کے خلاف تین دھوکہ دہی کے مقدمات درج کئے تھے اور ٹاسک فورس پولیس ان کے قبضہ سے 55 ہزار نقد رقم اور دو موبائل فون برآمد کرلئے ۔