بے روزگاری سے تنگ آکر دو افراد کی خود کشی

حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : شہر کے علاقہ چلکل گوڑہ اور جوبلی ہلز میں دو افراد نے بے روزگاری سے تنگ آکر خود کشی کرلی ۔ چلکل گوڑہ پولیس کے مطابق29 سالہ جی انوجیت جو طالب علم تھا پارسی گٹہ علاقہ کے ساکن بالراج کا بیٹا بتایا گیا ہے ۔ انوجیت ملازمت کی تلاش میں تھا اور کئی مقامات پر اس نے انٹرویو بھی دیا تھا ۔ تاہم ملازمت نہ ملنے سے وہ پریشان تھا اور دل برداشتہ ہوگیا تھا ۔ جس نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے کل رات پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 26 سالہ راج شیکھر جو جواہر نگر یوسف گوڑہ علاقہ کے ساکن وینکٹ کرشنا کا بیٹا تھا ۔ ضلع نیلور کا متوطن بتایا گیا ہے ملازمت تلاش کررہا تھا اور ملازمت کے حصول میں تاخیر سے دل برداشتہ ہو کر اس نے کل رات پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلیے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔