بے روزگاروں کو روزگار کا جھانسہ دینے والے دو دھوکہ باز گرفتار

حیدرآباد 14 ستمبر (سیاست نیوز) بے روزگار نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے کے بہانے دھوکہ دینے والے دو نوجوانوں کو سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے بموجب امن تیاگی اور ہرش تیاگی متوطن غازی آباد (اترپردیش) نے مختلف افراد سے بذریعہ فون اور ای میلس رابطہ قائم کرتے ہوئے اُنھیں ملازمت فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے دھوکہ دیا تھا۔ بطور سکیوریٹی ڈپازٹس پے ٹی ایم کے ذریعہ لاکھوں روپئے ہڑپ لئے تھے۔ اِس سلسلہ میں لنگرحوض کی ساکن ایک خاتون نے سائبر کرائم پولیس سے شکایت درج کرائی جس میں بتایا کہ جاریہ سال جون میں ملازمت فراہم کرنے کے بہانے نامعلوم دھوکہ بازوں نے اُس کے 51 ہزار روپئے ہڑپ لئے۔ پولیس نے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر اترپردیش سے تعلق رکھنے والے دو دھوکہ بازوں کو اُنھیں ٹرانزٹ وارنٹ پر حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔