ٹراویل ایجنٹ گرفتار، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /28 نومبر (سیاست نیوز) بیروزگار نوجوانوں کو بیرون ممالک بھیجنے کا دعویٰ کرتے ہوئے انہیں دھوکہ دینے والے ایک ٹراویل ایجنٹ کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 38 سالہ مجید احمد ساکن ایس آر کے کالونی مشیرآباد اکثر بیرون ممالک کیلئے ویزا پروسیسنگ اور دستاویزات کا کام کیا کرتا تھا ۔ بیروزگار نوجوانوں کو ملائیشیاء بھیجنے کا دعویٰ کرتے ہوئے سینکڑوں نوجوانوں سے نقد رقومات حاصل کرلئے ۔ پولیس نے بتایا کہ رین بازار کے ساکن اسد کی مدد سے مجید نے 15 تا 20 نوجوانوں سے فی کس دو تا تین لاکھ روپئے حاصل کئے اور انہیں بیرون ممالک بھیجنے سے قاصر رہا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس قسم کی دھوکہ دہی میں ملوث ہونے پر پولیس رین بازار ، بنجارہ ہلز ، گولکنڈہ اور لنگر حوض پولیس نے مقدمات درج کئے ہیں ۔