بے رحم ماں نے عاشق کی مدد سے اپنے ہی کمسن بچہ کا اغوا کرلیا

علیحدہ شدہ شوہر سے 50 ہزار روپئے کی ادائیگی کا مطالبہ، بیٹے کو بُری طرح زدوکوب
حیدرآباد 15 مئی (سیاست نیوز) انسان تو کیا جانوروں میں بھی ماں کی ممتا مثالی ہوتی ہے اور ماں اپنے بچوں کو ہر پریشانی سے بچانے کے لئے اپنی جان پر کھیلنے سے بھی گریز نہیں کرتی اور بچوں کی راحت کیلئے ہر تکلیف برداشت کرنا ممتا کا فریضہ تصور کرتی ہے جو ایک قدرتی و فطری اُصول ہے لیکن ایک ماں نے اپنے شوہر سے دھوکہ دہی کے بعد عاشق کے جال میں پھنس کر نہ صرف شوہر کی زندگی تباہ کردی، خود افسوسناک صورتحال کا شکار ہوگئی بلکہ اپنے کمسن بچے پر درندگی اور بے رحمانہ زدوکوب کے ذریعہ ماں کے رشتہ کے تقدس کو پامال کردیا جس سے انسان تو کجا جانور بھی شرمسار ہوجائیں۔ یہ افسوسناک واقعہ نریڈمیٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق ریشما کی شادی 2008 ء میں انور پاشاہ سے ہوئی تھی جنھیں ایک چار سالہ لڑکا ہے۔ ریشما کچھ عرصہ قبل ایک کار ڈرائیور مہیش کے عشق میں گرفتار ہوکر اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور دو بیٹوں کو بھی چھوڑ دیا تھا۔ یہ بیٹے اپنے ماموں یعنی ریشما کے بھائی کے پاس رہتے تھے لیکن ریشما نے اپنے بیٹے ایان کو زبردستی اُٹھالیا اور عاشق مہیش کے ساتھ ایان کو اپنے پاس رکھ لیا، جس کی واپسی کے لئے باپ انور پاشاہ سے 50 ہزار روپئے ادا کرنے کای مطالبہ کیا لیکن مطالبہ پورا نہ ہونے پر ریشما نے اپنے عاشق کی مدد سے اپنے ہی لخت جگر ایان کو بری طرح زدوکوب کیا جس کے نتیجہ میں ننھا لڑکا شدید زخمی ہوگیا۔ اس دوران ریشما کے بھائی ریاض نے ظالم ماں کے قبضہ سے کمسن و بے بس بیٹے کو آزاد کرالیا اور اس واقعہ کی پولیس میں شکایت درج کرائی گئی۔