بے استقلال دہلی کا جدوجہد سے دوچار ممبئی سے مقابلہ

نئی دہلی ، 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) استقلال سے عاری دہلی ڈیرڈیولس کی کوشش رہے گی کہ ہوم گراؤنڈ پر ناکامی کا سلسلہ توڑ دیں جب وہ آئی پی ایل کرکٹ ٹورنمنٹ کے اپنے چھٹے میچ میں کل یہاں فیروز شاہ کوٹلہ پر ممبئی انڈینس کا سامنا کریں گے، جو کامیاب مظاہروں کیلئے جدوجہد کرتے نظر آئے ہیں۔ ڈیفنڈنگ چمپینس کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے دوشنبہ کو دہلی کو چھ وکٹ کی ناکامی سے دوچار کیا، جو اُن کیلئے ہوم گراؤنڈ پر 2013ء سے مسلسل نویں شکست ہوئی۔ قبل ازیں جے پی ڈومینی زیرقیادت ٹیم نے دو ابتدائی ناکامیوں کے بعد واپسی کرتے ہوئے دو کامیابیاں حاصل کئے اور اپنا 11 میچ کا مسلسل شکست کا سلسلہ توڑا تھا۔ جاریہ سیزن اپنے چار سخت مقابلوں میں سے دو جیت کر ڈی ڈی ٹیم اچھی متوازن نظر آرہی تھی کہ ڈیفنڈنگ چمپینس کے کے آر نے اُن کی خامیوں کو اُجاگر کردیا۔ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج کے ساتھ بیٹنگ شعبہ بظاہر اچھا دکھائی دیا جس میں ماینک اگروال، شریاس ایئر، ڈومینی اور یوراج سنگھ ابتدائی مقابلوں میں اچھا کھیلے۔ لیکن ایئر، یوراج اور منوج تیواری نے طاقتور کے کے آر اٹیک کے خلاف معقول آغاز کو ضائع کیا۔ دوسری طرف ممبئی کا ابھی تک سیزن 8 میں اپنے پانچ مقابلوں میں چار ناکامیوں اور واحد جیت کے ساتھ خراب کھیلا ہے۔ سب سے نچلے مقام پر موجود ٹیم اپنے گزشتہ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف کامیاب ضرور ہوئی لیکن پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 209 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کرنے کے بعد بھی آزمائی گئی۔ ویسے آر سی بی کے خلاف ٹاپ آرڈر نے اچھا کھیلا جبکہ لینڈل سیمنس اور انمکت چند نے ہاف سنچریاں بنائیں اور کپتان روہت شرما نے بھی 15 گیندوں میں قیمتی 42 رنز بنائے۔ ویٹرن آف اسپنر ہربھجن سنگھ بھی ٹاپ فام میں ہیں جیسا کہ وہ چار مقابلوں میں 8 وکٹس لے چکے ہیں، جو سیزن کے ٹاپ بولر عمران طاہر (10 وکٹیں ، 5 مقابلے) سے ایک درجہ کم ہے۔