کرنول ۔ 30 ۔ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی یو ایم ایس داخلہ ٹسٹ
(BUMSET) میں شریک ہونے والے طالب علموں کیلئے فری کوچنگ کلاسس کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ فری کوچنگ کلاس ڈاکٹر عبدالحق یونانی میڈیکل کالج کرنول میں یکم مئی سے پندرہ جون تک جاری رہیں گے ۔ کوچنگ کلاسس کا وقت صبح 9 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوگا ۔ بی یو یم یس داخلہ ٹسٹ جو ڈاکٹر ین ٹی آر یونیورسٹی برائے میڈیکل سانس وجئے واڑہ آندھراپردیش کی جانب سے جون ، جولائی میں منعقد ہوگا ۔ اس ٹسٹ میں شرکت کیلئے طالب علم کو انٹرمیڈیٹ Bi.P.C (10+2) گروپ کا اردو ذریعہ تعلیم کے ساتھ یا اردو کا زبان دوم کے ساتھ کامیاب ہونا ضروری ہے۔ ایسے امیدوار جو انٹرمیڈیٹ اردو ذریعہ تعلیم یا اردو زبان دوم کی حیثیت سے کامیاب نہ کئے ہوں ان کیلئے یس یس سی ، دسویں جماعت میں اردو ، عربی یا فارسی کا زبان دوم کے ساتھ کامیاب کیا ہونا لازمی شرط ہے ۔ وہ طالب علم جو فری کوچنگ کلاسس سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ 10 بجے سے 1 بجے کے درمیان ڈاکٹر عبدالحق یونانی میڈیکل کالج کرنول کے پرنسپل صاحب سے مل کر اپنا نام رجسٹر کروالیں ۔ امید کہ زیادہ سے زیادہ طلباء و طالبات اس سنہری موقع سے استفادہ کریں گے ۔ طالبات کیلئے کم سے کم خرچ پر رہنے اور کھانے کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔