بی سی طبقہ کا خفیہ اجلاس، ٹی آر ایس سے ناراضگی پر حکمت عملی

برسر اقتدار پارٹی کو سبق سکھانے کا فیصلہ، اجلاس پر انٹلی جنس کی نظر
حیدرآباد ۔ /9 ستمبر (سیاست نیوز) قبل از وقت انتخابات کے ارادے سے تلنگانہ اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں ناراضگیاں ابھرکر آرہی ہیں ۔ بی سی طبقہ سے ناانصافی کے نتیجہ میں آج علاقے ویسٹ ماریڈ پلی نیوکلب میں 350 سے زائد ٹی آر ایس کے ناراض کارکنوں نے ایک خفیہ اجلاس منعقد کیا اور بی سی طبقہ کو انتخابات میں نظرانداز کرنے کے خلاف حکمت عملی تیار کی ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ماریڈپلی میں منعقد خفیہ اجلاس میں تبادلہ خیال کیا گیا کہ پارٹی سربر اہ کے چندر شیکھر راؤ نے بی سی طبقہ کو دانستہ طور پر نظرانداز کرتے ہوئے بی سی امیدواروں کو نا کے برابر ٹکٹس دیئے ۔ اس اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ آنے والے انتخابات میں ٹی آر ایس پارٹی کو سبق سکھایا جائے اور بی سی طبقہ کے وجود کو دکھانے کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ بی سی طبقہ کو بالخصوص مدیراج طبقہ کے ساتھ ناانصافی کئے جانے پر انتخابات میں پارٹی کو سبق سکھانے کا عہد کیا گیا ہے ۔ پانچ گھنٹے طویل اجلاس ہونے کی اطلاع پر ریاستی انٹلیجنس شعبہ تشویش کا شکار ہوگیا اور اجلاس کے اختتام کے بعد اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی تفصیلات حاصل کرنے کیلئے نیو کلب ویسٹ ماریڈ پلی پہونچا لیکن جب تک بی سی لیڈرس وہاں سے روانہ ہوچکے تھے ۔