ناگپور ۔16 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی کا کہنا ہے کہ کرکٹ سے وابستہ تنظیمیں جیسے بی سی سی آئی میں کام کرنے کا موقع ملا تو وہ اس پر ضرور غور کریں گے۔کرکٹ میں ان دِنوں سامنے آ رہی غلط چیزوں کو دیکھتے ہوئے کیا گنگولی کرکٹ سے منسلک کسی تنظیم سے جڑنا چاہتے ہیں ؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ’’ میں ایک کرکٹ کھلاڑی ہوں لیکن مجھ میں تنظیم چلانے کی صلاحیت بھی ہے ‘‘۔گنگولی ناگپور میں نیشنل سیمینار آن اسپورٹس لاء میں بات چیت کررہے تھے۔ اس کے ساتھ ہی گنگولی نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی اسپورٹس تنظیم میں آنے کیلئے آپ کیساتھ تعداد کی طاقت ہونا ضروری ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ کئی دوسری چیزیں بھی ضروری ہیں لیکن ان دوسری چیزوں کے سوال کا جواب دینے سے گنگولی نے انکار کر دیا ۔ ہندوستانی اسپورٹس تنظیموں کی ساکھ ان دنوں مسلسل نیچے گر رہی ہے اس سوال پر گنگولی نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ کو دور کرنے کیلئے کسی بھی اسپورٹس تنظیم میں ممتاز و شفاف کردار کے حامل لوگ ہی ہونے چاہئے‘‘۔گنگولی نے یہ بھی کہا کہ بی سی سی آئی نے ایک تنظیم کے طور پر اچھا کام کیا ہے ۔ بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں کو اچھی سہولتیں دی ہیں ۔آئی پی ایل سیزن 7 میں آئی پی ایل کی گرتی ساکھ سنبھالنے کیلئے کوئی خاص کارروائی کرنے کی تجویز کے سوال پر انہوں نے ایسی کوئی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔