چینائی ۔ 25 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی ) کی طاقتور ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کل یہاں منعقد ہورہی ہے جس میں اے جی ایم کو ملتوی کرنے اور ٹیم ڈائرکٹر روی شاستری کیلئے طویل تر میعاد پر غورو خوض کیا جائے گا ۔ شاستری سے عین ممکن ہے کہ آئندہ سال کے ورلڈ کپ تک ہندوستان کی رہنمائی کیلئے درخواست کی جائے گی ۔ ادارے سے باہر کئے جانے کے باوجود عملاً صدارتی عہدہ پر فائز این سرینواسن کے آبائی ٹاؤن میں منعقدشدنی اس میٹنگ میں دو اجلاس مقرر کئے گئے ہیں ۔ پہلے فینانس کمیٹی کی آخری مرتبہ میٹنگ ہوگی جس میں سالانہ کھاتوں اور دیگر مالیاتی لین دین کا حساب کتاب بے باق کیا جائے گا ۔ پھر ورکنگ کمیٹی دو پہر میں دوبارہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اے جی ایم ( سالانہ عمومی اجلاس ) کو اتفاق رائے سے موخر کرنے کے فیصلے پر غور کریگی ۔