بی سی سی آئی کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

دبئی ۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دوطرفہ کرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار پر بی سی سی آئی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا۔ پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دوطرفہ کرکٹ سیریز سے متعلق ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے بی سی سی آئی کو بتا چکا ہے کہ 2014 کے معاہدے کے تحت دوطرفہ سیریز کھیلنے سے انکار پر پاکستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گا۔ایک اور ٹوئٹ میں نجم سیٹھی نے کہا کہ ’ہندوستان کو شکست ہوگئی اور آئی سی سی نے بگ تھری کا ماڈل ختم کردیا۔پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نے آئی سی سی کی ’ورلڈ الیون‘ کے ستمبر میں پاکستان میں  ٹوئنٹی20  سیریز کے حوالے سے کہا کہ ’جائلز کلارک نے آئی سی سی کے ماہرین کی سیکیورٹی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد رواں سال ستمبر کے آخر میں پاکستان میں 3 ٹوئنٹی20  میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی، جبکہ آئی سی سی کی ٹیم میں دنیا کے بہترین کھلاڑی شامل ہوں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اورہندوستان کی کرکٹ ٹیموں نے 2007 کے بعد سے ایک دوسرے کے خلاف مکمل سیریز نہیں کھیلی، تاہم پاکستانی ٹیم نے مختصر سیریز کے لئے دسمبر 2012 میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔