بی سی سی آئی کو حکومت کے جواب کا انتظار!

وزیر امور خارجہ سشما سوراج کی بیرونی سفر سے واپسی پر فیصلہ متوقع
نئی دہلی ، 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر بی سی سی آئی عہدہ دار راجیو شکلا نے آج کہا کہ بورڈ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ روابط کے احیاء کے بارے میں حکومت کے جواب کا انتظار کررہا ہے۔ بی سی سی آئی کو آئندہ ماہ کیلئے منصوبہ کی گئی اس پُرشور سیریز کے منطقی انجامکو طئے کرنے کیلئے حکومت ہند کے ردعمل کا انتظار ہے۔ شکلا نے ایک نیوز چیانل کو بتایا: ’’ہم وزارت امور خارجہ کے پاس درخواست پیش کرچکے ہیں۔ مگر چونکہ (وزیر امور خارجہ) سشما سوراج جی مالٹا میں کامن ویلتھ سمٹ میں شریک ہیں، اس لئے ہم اُن کی واپسی کے منتظر ہیں۔ جیسے ہی وہ واپس ہوں، وہ اس تعلق سے فیصلہ کریں گی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ دونوں بورڈز (پی سی بی اور بی سی سی آئی ) پہلے ہی فیصلہ کرچکے ہیں۔ اب یہ ہندوستانی حکومت پر منحصر ہے کہ قطعی فیصلہ کرے۔ ہمیں حکومت کی منظوری کا انتظار ہے۔ شکلا نے کہا کہ کھیل کود کو سیاسی اور سفارتی تنازعات سے علحدہ رکھا جانا چاہئے۔ ’’اسپورٹس کو سیاسی اور سفارتی تنازعات میں نہیں گھسیٹنا چاہئے۔ ہم پاکستان کے ساتھ سیریز پر حکومت کی اجازت کے بغیر فیصلہ نہیں کرسکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے حکومت کو مکتوب بھیجا ہے اور اس کے جواب کے منتظر ہیں۔ جیسے ہی ہمیں جواب حاصل ہوجائے، ہم سب کو واقف کرائیں گے۔‘‘ سری لنکا نیوٹرل مقام کے طور پر اُبھر آیا ہے کہ اس سیریز کو منعقد کرے جس میں ممکنہ طور پر تین او ڈی آئیز اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، جنھیں ابتدائی طور پر 15 ڈسمبر اور جنوری کے پہلے ہفتے کے درمیان طئے کیا گیا ہے۔ دونوں ملکوں نے 2007ء سے ٹسٹ کرکٹ نہیں کھیلی لیکن پاکستان نے 2012-13ء کے سرما میں ہندوستان کا ٹور مختصر لمیٹیڈ اوور سیریز کیلئے کیا تھا۔