نئی دہلی۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )بی سی سی آئی کا اجلاس (ایس جی ایم) اگلے ماہ 11 دسمبر کو منعقد ہوگا۔بی سی سی آئی کی ایڈمنسٹریشن کی کمیٹی (سی او اے ) کے حکم پر کیرٹیکر سربراہ سی کے کھنہ نے11 دسمبر کو دہلی میں ایس جی ایم منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہندوستانی بورڈ نے اس کی سرکاری طور پر اطلاع دی۔واضح رہے کہ رواں ماہ سی او اے نے بورڈ سے خاص طور سے ٹسٹ، ونڈے کرکٹ لیگس کے ساتھ سابق آئی پی ایل فرنچائزی کوچی ٹاسکرس کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے جلد ایس جی اے بلانے کا حکم دیا تھا۔اجلاس کا خاص ایجنڈہ تین معاملوں پر پر توجہ مرکوز کرنا جس میں نئے فیوچر ٹور پروگرام (اے ٹی پی) کے تحت ٹسٹ چمپئن شپ اور ون ڈے لیگ کے پروگرام پر گفتگو کرنے کے ساتھ ہی معطلی کے بعد راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن (آر سی اے ) کو واپس بورڈ میں شامل کرنے کا لائحہ عمل تیار کرنا ہے ۔ سال2014 میں للت مودی کے سربراہ منتخب ہونے کے بعد آر سی اے کو معطل کردیا گیا تھا۔واضح رہے کہ سی او اے نے اس اجلاس کا فیصلہ ہندوستانی بورڈ کے سکریٹری امیتابھ چودھری کی اپیل پر کیا ہے جس میں انہوں نے ارکان کو ان تین اہم مسئلوں پر اطلاعات فراہم کرنے کی ہدایت دی، بغیر ارکان اور ریاستی اسوسی ایشنوں کی رضامندی کے اس سلسلے میں کسی فیصلہ پر نہیں پہنچاجاسکتا ہے ۔بی سی سی آئی کے تین ٹاپ کی سطح کے افسران کو اس بابت ای میل بھی بھیجا گیا تھا جس میں سی او اے نے کیرٹیکر سربراہ سی کے کھنہ کو سبھی بورڈ ارکان کو ایس جی ایم کے لئے اطلاع دینے کے لئے کہا تھا۔ اس کے علاوہ سی او اے نے ساتھ ہی خاص طور پر اس بات پر زور دیا تھا کہ اجلاس میں صرف ریاستی اسوسی ایشنوں کے اہل افسران ہی حصہ لیں۔اس کے علاوہ ایجنڈے میں لیگس پر بحث ومباحثہ اہم ہوگا۔ اس سال اکتوبر میں آکلینڈ میں ہوئی بین الاقوامی کرکٹ کمیٹی (آئی سی سی ) کی بورڈ اجلاس میں بی سی سی آئی سمیت باقی ارکان نے بھی ٹسٹ چمپئن شپ اور ونڈے لیگ پر اپنی رضامندی کا اظہار کیا تھا۔