لندن 7 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ اسٹار ایان بوتھم کی جانب سے آئی پی ایل کو ختم کرنے پر زور دئے جانے کے چند دن بعد ہی سابق انگلش کپتان جیفری بائیکاٹ نے کہا ہے کہ کرکٹ کیلئے آئی پی ایل سے کوئی مسئلہ نہیں ہے بلکہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کو جو بے تحاشہ اختیارات مل رہے ہیں وہ درست نہیں ہیں۔ انڈین پریمئیر لیگ کے تعلق سے ایان بوتھم کے ریمارکس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے جیفری بائیکاٹ نے دی ٹیلیگراف سے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ اصل خطرہ آئی پی ایل سے ہے ۔ ہندوستان طاقتور ہے آئی پی ایل نہیں ۔ آئی پی ایل کرکٹ کیلئے بہتر ہے ۔ آئی پی ایل کے مثبت اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے جیفری بائیکاٹ نے کہا کہ عوام کو کرکٹ کے کھیل سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنا اور زیادہ سے زیادہ عوام کو اس کا حصہ بنانا کرکٹ کے کھیل کیلئے بہتر ہے ۔ تاہم کرکٹر سے کامنٹیٹر بننے والے بائیکاٹ نے کہا کہ کھیل کیلئے جو بات اچھی نہیں ہے وہ یہ ہے کہ ایک ملک کو اتنا زیادہ اختیار مل گیا ہے کہ دوسرے کئی ممالک اس سے خوفزدہ ہونے لگے ہیں۔ کرکٹ کے تعلق سے بیشتر فیصلے عملا بی سی سی آئی کی جانب سے کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کئی برس قبل امپیریل کرکٹ کانفرنس پر آسٹریلیا اور انگلینڈ کا غلبہ تھا ۔ جب دوسرے ملکوں کو ایک ووٹ کا اختیار تھا آسٹریلیا اور انگلینڈ کو فی کس دو ووٹ حاصل تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو ہوتا تھا وہ بھی واجبی نہیں تھا اور اب جو ہو رہا ہے وہ بھی درست نہیں ہے ۔ دو غلط ایک صحیح نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کا دو ووٹس کے ذریعہ کرکٹ دنیا پر غلبہ درست نہیں تھا اور اب بھی ہندوستانی بورڈ کا طاقتور موقف بھی درست نہیں ہے ۔ اصل مسئلہ آئی پی ایل سے نہیں ہندوستانی کرکٹ بورڈ سے ہے ۔ ایان بوتھم نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ آئی پی ایل کو برخواست کردیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کرکٹ کیلئے طاقتور ہوگیا ہے اور اگر اس کو برخواست کردیا گیا تو یہ کرکٹ کیلئے اچھا ہوگا ۔