بی سی سی آئی پر اولمپک کونسل کی شدید تنقید

انچیان۔4اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی کی جانب سے ایشین گیمس کے کرکٹ مقابلوں میں شرکت کیلئے ہندوستانی ٹیم کو روانہ کرنے کے فیصلے پر اولمپک کونسل آف ایشیا ( او سی اے ) نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ پُراثر کرکٹ بورڈ تجارت کے مقاصد کے تحت کھیل کو نقصان پہنچا رہا ہے ۔ او سی اے کے صدر نے میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی سی سی آئی نے دوسری مرتبہ ایشین گیمس میں شرکت کیلئے ہندوستانی ٹیم کو روانہ نہیںکیا ہے اور میں ان کے فیصلے کی قدر کرتا ہوں لیکن ساتھ ہی یہ کہنے پر مجبور بھی ہوں کہ بی سی سی آئی کو کھیل کے فروغ میں کوئی دلچسپی نہیں بلکہ اسے تو صرف تجارت ہی نظرآتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حقائق سب پر عیاں ہے کہ وہ مالیتی موقف اور کس طرح گیم پر قابو پایا جائے کسی پر اپنی توجہ مرکوز کرتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کرکٹ کو اپنے لخت جگر کی طرح سینے سے لگائے رکھتا ہے لیکن اسے چاہیئے کہ اسے بڑا ہونے کا پورا موقع دیا جائے ۔ چار برس قبل کرکٹ کو ایشین گیمس میں شامل کیا گیا تھا

لیکن بی سی سی آئی نے اپنے مردوں اور نہ ہی خواتین کی ٹیم کو ایشین گیمس میں شرکت کیلئے روانہ کیاہے ۔ اس مرتبہ بھی بی سی سی آئی نے کوریا میں منعقدہ ایشین گیمس میں شرکت کیلئے اپنی دونوں زمروں کی ٹیموں کو روانہ نہیں کیا ہے ۔ علاوہ ازیں شیخ الصبا نے مزید کہا کہ ایشیائی خطہ میں کرکٹ کافی مقبول کھیل ہے اور اس کھیل کی چمپئن ٹیم ہندوستان کے کھلاڑیوں کا ایکشن میں نظرآنا مایوس کن ہے جبکہ اولمپکس گیمس میں شامل نہ کئے گئے دیگر کھیلوں جیسے ووشو‘ کبڈی ‘ سپک ٹکرا کو ایشین گیمس میں شامل کیا گیا ہے اور اس مرتبہ ان مقابلوں کے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئے ۔ انہوں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ بی سی سی آئی اپنی ٹیموں کو روانہ نہ کرتے ہوئے کرکٹ کو ختم کررہا ہے اور یہی رجحان باقی رہا تو کرکٹ کبھی اولمپکس کا حصہ نہیں بن سکتی ۔ ان کا ماننا ہے کہ تمام کھیلوں کیلئے بہتر ماحول فراہم کیا جانا چاہیئے جس کے تحت کھیل کو فروغ مل سکے ۔